سری نگر،27 مئی :
جموں و کشمیر پولیس نے سری نگر کے بمنہ علاقے میں لشکر طیبہ سے وابستہ ایک ہائی برڈ جنگجو کو گرفتار کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔
ایک پولیس ترجمان نے اپنے ایک بیان میں تفصیلات فراہم کرتے ہوئے کہا کہ بمنہ علاقے میں جنگجوؤں کی نقل وحمل کے متعلق اطلاع موصول ہونے پر سری نگر پولیس، سی آر پی ایف اور فوج کی 2 آر آر کی ایک مشترکہ ٹیم نے بمنہ کراسنگ پر ناکہ لگا دیا۔
انہوں نے کہا کہ اس دوران ناکہ پارٹی نے ایک مشکوک شخص کو روکنے کا شارہ کیا جس نے بھاگنے کی کوشش کی لیکن پارٹی نے پھرتی کا مظاہرہ کرکے اس کو دھر لیا گیا۔
بیان میں کہا گیا: ’گرفتار شدہ شخص نے اپنی شناخت نثار احمد ڈار ولد عبدالاحد ڈار ساکن گنڈ براٹھ سوپور کے بطور کی‘۔
موصوف ترجمان نے کہا کہ تلاشی کے دوران موصوف کی تحویل سے ایک پستول، ایک میگزین اور پانچ گولیاں بر آمد کی گئیں۔
انہوں نے کہا کہ ابتدائی پوچھ تاچھ کے دوران گرفتار شدہ نے لشکر طیبہ کے ہائی برڈ جنگجو کے طور پر کام کرنے کا اعتراف کیا۔
ان کا کہنا تھا: ’گرفتار شدہ نے یہ بھی تسلیم کیا کہ وہ سری نگر میں ٹارگیٹ ہلاکتیں انجام دینے کے لئے جنگجوؤں کو پستول فراہم کر رہا تھا‘۔
بیان میں مزید کہا گیا کہ اس ضمن میں پولیس اسٹیشن بمنہ میں ایک کیس درج کرکے مزید تحقیقات شروع کی گئی ہیں۔(یو این آئی)
