سرینگر،12جولائی :
شہر سرینگر کے لالبازار علاقے میں اُس وقت افراتفری پھیل گئی جب مشتبہ جنگجووں نےپولیس پارٹی پر فائرنگ کی جس کے نتیجے میںایک پولیس اہلکار ہلاک جبکہ دو پولیس اہلکار شدیدزخمی ہوگئے۔ زخمیوں کو نزدیکی ہسپتال منتقل کیا گیا ہے ۔متوفی اہلکار کی شناخت اے ایس آئی مشتاق احمد کے بطور ہوئی ہے ۔یہ واقعہ ساڑھے سات بجے کو قریب ایک نجی اسکول کے نزدیک پیش آیا جب نامعلوم عسکریت پسندوں نے پولیس کی ایک پارٹی پر اندھادھند گولیاں چلائیں۔
ابتدائی اطلاعات کے مطابق فائرنگ میں پولیس کے اسسٹنٹ سب انسپکٹر فاروق احمد کی موت واقع ہوئی ہے۔ان کے ساتھ دو مزید اہلکار بھی فائرنگ کی زد میں آگئے جن میں ایک سلیکشن گریڈ کانسٹبل ہے۔ یہ دونوں اہلکار زخمی ہوئے ہیں اور انہیں علاج کیلئے اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔ صورہ میڈیکل انسٹی ٹیوٹ فائرنگ کی جگہ سے چار کلومیٹر کے فاصلے پر واقع ہے۔یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب پورے کشمیر میں عید کی گہما گہمی جاری ہے۔ عید کے بعد سرینگر شہر میں یہ تشدد کا پہلا واقعہ ہے۔
اس دوران سیکورٹی فورسز نے پورے علاقے کو محاصرے میں لیکر حملہ آوروں کی تلاش شروع کردی جبکہ واقعہ کے فوراً بعد پورے شہر میں سیکورٹی الرٹ جاری کیاگیا۔معلوم ہوا ہے کہ پولیس اور سی آر پی ایف کے سینئر آفیسران جائے موقع پر پہنچے اور حالات کا جائزہ لیا ۔
ذرائع نے بتایا کہ پولیس اور ایس او جی نے لال بازار کے سکہ باغ اور اُس کے ملحقہ علاقوں کو پوری طرح سے سیل کرکے فرار ہونے کے سبھی راستوں پر پہرے بٹھا دئے ہیں۔اس سلسلے میں مزید تفصیلات کا انتظار ہے۔
