سرینگر،04اگست:
جنوبی ضلع پلوامہ کے گڈورہ علاقے میں جمعرات کی شام عسکریت پسندوں کی جانب سے کئے گئے ایک گرینیڈ حملے میں ایک غیر مقامی مزدور جاں بحق جبکہ دو دیگر زخمی ہوگئے ہیں ۔
پولیس کے ایک ترجمان نے بتایا کہ جمعرات دیر شام ملی ٹینٹوں نے گڈورا پلوامہ میں گرینیڈ حملہ کیا جس وجہ سے تین افراد شدید طورپر زخمی ہوئے۔انہوں نے بتایا کہ زخمیوں کو علاج ومعالجہ کی خاطر نزدیکی ہسپتال منتقل کیا گیا تاہم ڈاکٹروں نے ایک غیر مقامی مزدور کو مردہ قرار دیا۔
متوفی کی شناخت محمد ممتاز ولد محمد جالو ساکن ساکوا پارسا بہار کے بطور ہوئی ہے۔زخمی غیر مقامی مزدوروں کی پہچان محمد عارف ولد محمد عزیزاور محمد مقبول ولد محمد عارف ساکنان رامپورہ بہار کے بطور کی گئی اور دونوں کی حالت ہسپتال میں مستحکم بتائی جارہی ہیں۔
معلوم ہوا ہے کہ سیکورٹی فورسز نے آس پاس علاقوں کو محاصرے میں لے کر حملہ آوروں کی بڑے پیمانے پر تلاش شروع کی ہے۔ذرائع نے بتایا کہ غیر مقامی مزدوروں پر حملے کے بعد جنوبی کشمیر میں سیکورٹی الرٹ جاری کیا گیا ہے۔
