سرینگر، 14 ستمبر:
۔ 137 کلو میٹر طویل بارہمولہ-بانہال ریلوے پٹری پر الیکٹرک ٹرین کا افتتاح 2 اکتوبر کو مکمل طور پر کیا جائے گا جس پر کام زور و شور سے جاری ہے۔
تفصیلات کے مطابق، جموں و کشمیر حکومت، انڈین ریلوے اور انڈین ریلوے کنسٹرکشن کمپنی لمیٹڈ اگست 2019 سے اس پروجیکٹ پر مل کر کام کر رہے ہیں۔ ایڈیشنل جنرل منیجر، انڈین ریلوے کنسٹرکشن کمپنی لمیٹڈ عابد امین شاہ نے بتایا، منصوبے کا PCEE معائنہ 26 ستمبر 2022 کو کیا جائے گا اور 2 اکتوبر کو اس منصوبے کا افتتاح کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ پروجیکٹ کی کل لاگت 324 کروڑ ہے اور بڈگام-بارہمولہ سیکشن پہلے ہی مکمل ہے جبکہ بڈگام-بانہال سیکشن کا معائنہ 26 ستمبر کو کیا جائے گا اور اس کا افتتاح 2 اکتوبر کو کیا جائے گا۔
شاہ نے مزید کہامحکمہ ریلوے نے پہلے ہی بڈگام-بارہمولہ سے تین سے چار ٹرائل چلائے ہیں جبکہ بڈگام-بانہال کے ٹرائل اس مہینے کی 20 تاریخ سے چلائے جائیں گے۔ ان کے مطابق، برقی کاری کے لیے کل روٹ کی لمبائی 137.73 کلومیٹر ہے جس میں قاضی گنڈ، بڈگام اور بارہمولہ کے تین اہم سب اسٹیشن ہیں جہاں سے ریل لائن کے اوور ہیڈ آلات کو بجلی فراہم کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ یہ منصوبہ آلودگی کو کم کرنے کے لیے پوری طرح تیار ہے اور ایندھن کے استعمال کے مقابلے میں 60 فیصد کی بچت بھی کرتا ہے۔
اس کے ساتھ ہی بانہال کو کٹرہ سے جوڑنے کا کام جاری ہے۔ جب کٹرہ-بانہال لنک مکمل ہو جائے گا، کشمیر ملک کے باقی حصوں سے بہتر طور پر منسلک ہو جائے گا۔ یاد رہے کہ 2013 میں کشمیر کو پہلی ٹرین سروس ملی تھی جب اس کا افتتاح اس وقت کے وزیر اعظم منموہن سنگھ نے کیا تھا۔
