نئی دہلی ، 27 ستمبر:
صدرجمہوریہ ہند دروپدی مرمو نے پیر کو کہا کہ ڈیجیٹل انقلاب کا بھرپور فائدہ اٹھانے کے لیے ہمیں اپنی تحقیق اور اختراع کو مزید فروغ دینا ہوگا۔صدرجمہوریہ مرمو آج اپنے کرناٹک دورہ کے پہلے دن دھارواڑ میں انڈین انسٹی ٹیوٹ آف انفارمیشن ٹیکنالوجی (آئی آئی آئی ٹی) کے نئے کیمپس کا افتتاح کرنے کے بعد اجتماع سے خطاب کر رہے تھے۔ صدر جمہوریہ نے کہا کہ یہ ہمارے لئے فخر کی بات ہے کہ آئی آئی آئی ٹی دھارواڑ تعلیم کے ذریعے ہمارے ملک کا مستقبل تیار کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ انسٹی ٹیوٹ’ قومی اہمیت کا ادارہ ‘ کے زمرے میں آتا ہے۔ انہوں نے حکومت ہند حکومت کرناٹک اور دیگر اسٹیک ہولڈرز کی کوششوں کی تعریف کی۔
صدر جمہوریہ نے کہا کہ آئی آئی آئی ٹی دھارواڑ کی ٹیگ لائن ’گیان وکاس‘ ہے جس کا مطلب ہے کہ علم کے ذریعے ترقی حاصل کی جا سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ترقی کا ہدف حاصل کرنے کے لیے ضروری ہے کہ ہمارے نوجوان جو اس ادارے کا لازمی حصہ ہیں، فنی تعلیم کے نئے نظام میں ہنر مند ہوں۔ یہ نوٹ کرتے ہوئے کہ آئی آئی آئی ٹی دھارواڑ کے نصاب میں کمپیوٹر سائنس ، الیکٹرانکس اور کمیونیکیشن ، ڈیٹا سائنس اور مصنوعی ذہانت جیسے مضامین شامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ تمام مضامین نئے ہندوستان کی تعمیر میں اہم کردار ادا کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔صدر جمہوریہ نے آج چامنڈی ہلز میں میسور دسہرہ فیسٹیول کا افتتاح کرکے اپنے دورے کا آغاز کیا۔ اس موقع پر اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے صدر جمہوریہ نے کرناٹک کے عوام کو میسور دسہرہ کے پرمسرت موقع پر مبارکباد دی۔ انہوں نے کہا کہ وہ دیوی چامنڈیشوری سے دعا کرتی ہیں کہ ان کا آشیرواد ہمیشہ تمام ہم وطنوں پر ہوتا رہے۔
صدر جمہوریہ ہند نے کہا کہ دنیا تیزی سے بدل رہی ہے۔ ہمارا ملک بھی ڈیجیٹل انڈیا مشن کے ذریعے ڈیجیٹل انقلاب کا تجربہ کر رہا ہے۔ لیکن اس انقلاب سے بھرپور فائدہ اٹھانے کے لیے ہمیں اپنی تحقیق اور اختراع کو مزید فروغ دینا ہوگا۔ آج کی دنیا میٹاورس سے تعلق رکھتی ہے۔ مصنوعی ذہانت کی مدد سے ہم بہت سی مفید تبدیلیاں کر سکتے ہیں۔
دنیا اب چوتھے صنعتی انقلاب کی طرف بڑھ رہی ہے جس میں عالمی برادری کے لیے آمدنی کی سطح کو بڑھانے اور معیار زندگی کو بہتر بنانے کی صلاحیت موجود ہے۔ لہٰذا ہمیں اس انقلاب میں اپنا حصہ ڈال کر عالمی سطح پر ہندوستان کی اہم پوزیشن کو محفوظ بنانے کے لیے انتھک محنت کرنی ہوگی۔قبل ازیں صدر جمہوریہ نے ہبلی میں ہبلی-دھارواڑ میونسپل کارپوریشن کے زیر اہتمام ایک اعزازی تقریب ’پور سمان‘ میں شرکت کی۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے صدرجمہوریہ نے شہر کے تمام باشندوں سے اظہار تشکر کیا اور کہا کہ اڈیشہ کے ایک سادہ گھرانے کی بیٹی کو مبارکباد دے کر انہوں نے نہ صرف ہندوستان کے صدرجمہوریہ بلکہ ہندوستان کی تمام بیٹیوں کو مبارکباد دی ہے۔
