شملہ ، 15 اکتوبر:
ہفتہ کو ہماچل پردیش کے سرمور ضلع کے ساتون میں بی جے پی کی ہاٹی ابھار ریلی سے خطاب کرتے ہوئے مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ نے کہا کہ کانگریس سرمور ضلع کے گریپار علاقے کو قبائلی کا درجہ دینے کے مودی حکومت کے فیصلے کو ہضم نہیں کر پا رہی ہے اور اس معاملے پر آگ لگانے کاکام کر رہی ہے۔ کانگریس کی طرف سے درج فہرست ذاتوں سے تعلق رکھنے والے لوگوں میں گمراہی پھیلانے کی کوششیں کی جا رہی ہیں۔ دلتوں کو اکسایا جا رہا ہے۔امت شاہ نے واضح کیا کہ ہاٹی برادری کو قبائلی درجہ ملنے سے درج فہرست ذاتوں کے حقوق کو نہیں چھینا جائے گا۔ امت شاہ نے کہا’ میں نے قلم سے لکھ کر دلتوں کے مفادات کی حفاظت کی ہے۔
انہوں نے الزام لگایا کہ کانگریس کا کام لڑائی لگانا ہے اور کانگریس اس مسئلہ پر لوگوں کو گمراہ کرکے آگ لگانے کی کوشش کررہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس آگ لگانے کا کام کرتی ہے تو مودی حکومت ترقی کو اہمیت دیتی ہے۔امت شاہ نے کہا کہ گریپار علاقے کے باشندوں کی 55 سالہ طویل جدوجہد کا خاتمہ ہاٹی برادری کو قبائلی درجہ ملنے کے ساتھ ہوا ہے۔ اس سے ضلع کی 154 پنچایتوں کے 379 گاو¿ں کو فائدہ پہنچے گا۔ یہاں کے لوگوں کو تعلیم ، روزگار وغیرہ میں ریزرویشن ملے گا اور آنے والی 25 نسلیں اس کا فائدہ اٹھائیں گی۔
امت شاہ نے کہا کہ ڈبل انجن والی حکومت ہماچل کو بلندیوں کی چوٹی پر لے جا رہی ہے۔ اتراکھنڈ کی طرح اب یہاں بھی رواج بدلے گا اور بی جے پی ایک بار پھر دو تہائی اکثریت کے ساتھ حکومت بنائے گی۔انہوں نے کہا کہ عوام ڈبل انجن والی حکومت کے فائدے دیکھ چکے ہیں۔ وزیر اعظم مودی کا تعلق ہماچل پردیش سے ہے۔ مودی ہماچل کو اپنا دوسرا گھر سمجھتے ہیں اور اس ریاست کے لوگوں کی حالت زار کو سمجھتے ہیں۔ انہوں نے ہماچل کو ہزاروں کروڑ روپے کے بڑے پروجیکٹس دیے ہیں جیسے ایمس ، بلک فارما پارک ، ڈیوائس پارک وغیرہ۔امیت شاہ نے اپنے خطاب میں سابق وزرائے اعلیٰ شانتا کمار اور پریم کمار دھومل کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ انہوں نے ریاست میں ترقی کی راہ ہموار کی ہے اور موجودہ وزیر اعلیٰ جئے رام ٹھاکر نے ترقی کو تیز کرنے کا کام کیا۔انہوں نے کہا کہ آج ہماچل، لاہول سپتی ، کنور اور چمبہ کے ناقابل رسائی اضلاع میں نلکوں کے ذریعے پانی کی فراہمی کا 100 فیصد کام مکمل کر لیا گیا ہے۔ آیوشمان بھارت اسکیم کے تحت لوگوں کا اسپتالوں میں پانچ لاکھ تک کا مفت علاج ہو رہا ہے۔کانگریس پر خاندان پرستی کو فروغ دینے کا الزام لگاتے ہوئے امت شاہ نے کہا کہ کانگریس نے اپنے خاندان کے لیے اچھا کام کیا ہے۔ اس کے ساتھ ہی بی جے پی عوام کا بھلا کر رہی ہے۔ پی ایم مودی کی قیادت میں بی جے پی سیاست میں خاندان کو ختم کرنے کی طرف بڑھ رہی ہے ، جبکہ کانگریس پر خاندان پرستی کا غلبہ ہے۔
