تحریر :آسیہ جان
ترجمہ: عبید احمد آخون
سید احمد تقوی بن سید محمد متقی، جو سر سید احمد خان کے نام سے مشہور ہیں، 17 اکتوبر 1817 کو دہلی میں پیدا ہوئے اور 27 مارچ 1898 کو علی گڑھ میں انتقال کر گئے۔ آپ ایک پرخلوص نوابی خاندان میں پیدا ہوئے تھے۔ ابتدائی دور میں انہوں نے قرآن اور دیگر بہت سے علوم کا مطالعہ کیا۔ ان کی والدہ، عزیز النساء نے ان کی ابتدائی تعلیم و تربیعت میں اہم کردار ادا کیا، ان کی والدہ نے ان میں نظم و ضبط کا گہرا احساس اور جدید تعلیم پر توجہ مرکوز کرنے کی صلاحیت پیدا کی۔ ہندوستان کی جدید تواریخ میں سر سید احمد خان ایک منفرد اور نمایاں شخصیت کے طور پر سامنے آتے ہیں۔ اگرچہ ان کے دلچسپیوں کا دائرہ وسیع تھا اور تاریخ، علم الٰہیات، فقہ، اور سماجی و تعلیمی اصلاحات میں ان کی مہارت کو خوب سراہا گیا، ان کے سیاسی نظریات، خیالات اور عمل نے بعد کے مؤرخین اور سیاسی تجزیہ کاروں کے درمیان مختلف آراء کو جنم دیا۔ انہوں نے تاریخی تبدیلی کے دور کا مشاہدہ کیا، جہاں قدیم حکومت کے زوال سے لے کر جدید نوآبادیاتی حکومت کے قیام تک کا دور شامل تھا۔ انہوں نے جدیدیت کو قبول کیا اور اس وقت کے مسلمانوں کے لیے، جو اس دور میں قدیم زمانے میں جی رہے تھے، مغربی سائنسی تعلیم کو فروغ دیا، اور ان احیائی تحریکوں کو رد کیا جو مظلوم اور تباہ حال مسلم آبادی میں عام تھیں۔ اس کا ان کے سیاسی عقائد اور طرز عمل پر گہراحمد خان ایک غیر معمولی بصیرت والے، ماہر تعلیم، فلسفی، سماجی مصلح اور مفکر تھے۔ ان کے متعدد کاموں میں آثار الصنادید، آئینِ اکبری، رسالہ اسباب بغاوتِ ہند (1857 کی جنگِ آزادی کے اسباب)، حیاتِ جاوید، تاریخِ فیروز شاہی، تزکِ جہانگیری، جامِ جم، سلسلہ الملک، خطباتِ احمدیہ (ولیم میور کی کتاب دی لائف آف پروفیٹ کا جواب) شامل ہیں، ساتھ ہی کلماتِ حق، تفسیر القرآن اور دی لوئل محمدنز آف انڈیا بھی ان کے اہم تصانیف میں شامل ہیں۔ ان کی تحریروں سے یہ بات واضح ہوتی ہے کہ وہ ایک سماجی مصلح تھے جو بے بنیاد رسومات اور روایتوں کو ختم کرنا چاہتے تھے۔ ان کے خیالات کی بنیاد منطق اور دلیل پر تھی۔ انہوں نے ذاتی طور پر معاشرتی غیر معقول اور ناقابل عمل رسومات سے دوری اختیار کی اور دوسروں کو بھی اس سے بچنے کی تلقین کی۔ انہوں نے خاص طور پر مسلم معاشرے میں منفی سماجی روایات پر اپنی رائے اردو تحریروں جیسے رسومات اور بحث و تکرار میں بیان کیں۔
سر سید نے تہذیب الاخلاق کی بنیاد رکھی، جو اخلاقی تعلیم کو فروغ دینے اور مسلم معاشرے سے غیر اخلاقی سرگرمیوں کو ختم کرنے کے لیے وقف تھی، تاکہ مسلمانوں کو جدید تعلیم کو اپنانے کے لیے قائل کیا جا سکے۔ شیعہ اور سنی تنازعے کے حوالے سے انہوں نے اپنی اردو میں ترجمہ شدہ تصنیف تحفہ اثنا عشریہ میں بھی اس پر روشنی ڈالی۔ 1850 کی دہائی میں وہ تعلیمی ترقی میں گہری دلچسپی رکھتے تھے۔ انہوں نے جدید تعلیم کی قدر کو دیکھا—جو اس وقت صرف انگریزی بولنے والے اسکولوں میں ملک بھر میں دستیاب تھی—جبکہ انہوں نے مختلف موضوعات، بشمول یورپی قانون کا مطالعہ کیا۔ ان پر برطانوی اثرات کا الزام لگایا گیا کیونکہ انہوں نے مذہبی جمود اور پرانی نظریات کی مخالفت کی، لیکن اس سے ان کے ملک کو مضبوط کرنے اور بدلنے کے جذبے میں کوئی کمی نہیں آئی۔
سر سید احمد خان کے مطابق، قوم کی دولت، امن، ہم آہنگی اور سیاسی استحکام کے اعلیٰ مقاصد صرف تعلیم کے ذریعے ہی حاصل کیے جا سکتے ہیں۔ انہوں نے جدید تعلیم کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے کہا تھا: “آگے دیکھو، نیا علم حاصل کرو اور پرانی بیکار چیزوں کو سیکھنے میں وقت ضائع نہ کرو۔” اگرچہ انہوں نے مسلمانوں کی شناخت کو کمزور نہیں کیا، لیکن انہوں نے معاشرتی جدیدیت اور اصلاحات کی حمایت کی، خاص طور پر ان مسلمانوں کے لیے جو پیچھے رہ گئے تھے۔
ہندو مسلم ہم آہنگی کے علاوہ، سر سید برصغیر میں بین المذاہب مکالمے کے بانیوں میں سے ایک تھے۔ وہ ہندوستان کی بڑی برادریوں کے درمیان امن کے حامی، فروغ دینے والے اور سفیر تھے، نہ کہ مقامی آبادی کے مخالف ان کے اقوال، جو مختلف مذاہب کے ماننے والوں کے درمیان ہمدردی اور پرامن بقائے باہمی پر زور دیتے ہیں، ان کے اُس وژن کی عکاسی کرتے ہیں جو نہ صرف ایک مخلوط معاشرے میں پرامن بقائے باہمی کا تھا بلکہ تعاون اور سماجی ہم آہنگی کا بھی تھا۔
انہوں نے ایک موقع پر کہا: “ہم (ہندو اور مسلمان) ایک ہی کھانا کھاتے ہیں، ایک ہی دریاؤں سے پانی پیتے ہیں، اور ہوا میں سانس لیتے ہیں؛ ہم ہندستان نامی دلہن کی دو آنکھیں ہیں؛ ان میں سے کسی ایک کی کمزوری دلہن کی خوبصورتی کو خراب کر دے گی۔” یہ قول انہوں نے 1980 کی دہائی کے آخر میں بین المذاہب گروہوں، خاص طور پر ہندوؤں اور مسلمانوں کے درمیان پرامن فرقہ وارانہ ہم آہنگی برقرار رکھنے کے حوالے سے کہا تھا۔
سر سید احمد خان نے یہ تسلیم کیا کہ ایک کثیر الثقافتی اور ترقی پذیر معاشرے کے لیے اتحاد، بھائی چارہ، اور تعاون کی ضرورت ہے۔ اس اصول کو عملی شکل دینے کے لیے، انہوں نے اپنے کالج کے دروازے تمام طلباء کے لیے کھلے رکھے، اور 1898 میں وہاں 64 ہندو اور 285 مسلمان طلباء کے ساتھ ساتھ سات ہندو عملے کے افراد بھی شامل تھے۔
انہوں نے ایک اجتماع کے سامنے کہا، “یاد رکھو کہ ہندو اور مسلمان کے لیبل صرف مذہبی فرق کے لیے استعمال ہونے چاہئیں؛ ورنہ اس ملک میں رہنے والے سب لوگ ایک ہی قوم کے ہیں۔” انہوں نے اپنے ہم وطنوں پر زور دیا کہ “کسی بھی ذات یا مذہب کی تفریق کے بغیر تمام لوگوں کی بھلائی کے لیے لڑنا، اس ملک کے تمام خیرخواہوں کا پہلا اور اہم کام ہے۔” انہوں نے یہ بھی کہا کہ اگر ہم اپنے اندر اس حصے کو نظر انداز کریں جو ہمیں ہمارے خدا کے ساتھ وابستگی کو ظاہر کرتا ہے تو ہم دونوں بنیادی طور پر ایک قوم ہیں، کیونکہ ہم دونوں ہندوستان کے شہری ہیں، اور ہمارے درمیان تعاون ہی ہمارے ملک کی ترقی کا واحد راستہ ہے۔
مزید برآں، انہوں نے یہ بھی کہا کہ مسلمانوں اور ہندوؤں کے درمیان سماجی معاملات، باہمی احترام، محبت، اور ہمدردی کو مذہبی اختلافات سے متاثر نہیں ہونا چاہیے، اور نہ ہی یہ سیاسی مشکلات سے متاثر ہونی چاہئیں۔ ایک اور موقع پر، انہوں نے کہا کہ مسلمانوں اور ہندوؤں کو اس اخلاق کے مطابق اپنے دلوں اور روحوں کو ایک بنانے کے لیے کام کرنا چاہیےکہ صرف مل کر رہنے سے ہی ہم زندہ رہ سکیں گے؛ ورنہ ہم جلد ہی ختم ہو جائیں گے۔
انہوں نے یہ یقین دلایا کہ تمام مذاہب کے ماننے والوں کو متحد ہو کر ایک دوسرے کے ساتھ ہم آہنگی سے رہنا چاہیے تاکہ وہ مل کر سماج کی بہتری کے لیے جدوجہد کر سکیں۔ اپنی نثر، ادب، اور شاعری کے ذریعے، انہوں نے ہندو مسلم اتحاد کی اہمیت پر بار بار زور دیا اور مسلمانوں اور ہندوؤں پر زور دیا کہ وہ استعماری قوتوں کی 1857 کی بغاوت کے بعد بھی اپنے عزم پر قائم رہیں اور تعاون کریں۔
سر سید نے تمام مذاہب کے لوگوں کے لیے، خاص طور پر مسلمانوں کے لیے، ذہنی ترقی کے حصول کے لیے جدید تعلیم کے استعمال کی اہمیت پر زور دیا۔ حقیقت میں، وہ جنوبی ایشیاء میں مسلم جدیدیت کی ادارتی اور سائنسی بنیادوں پر ترقی کرنے والے پہلے ہندوستانی مسلمان تھے۔ تمام اطراف سے، بشمول اپنے لوگوں سے، بڑی چیلنجز اور تنقید کے باوجود، انہوں نے اپنے ملک سے محبت اور اس پختہ یقین کے باعث کہ جدید تعلیم ناگزیر ہے، ثابت قدمی کا مظاہرہ کیا۔ انہوں نے ایک دھاگے کی مانند ثقافتی تنوع کو لوگوں کو یکجا کرنے کی کوشش کی۔
انہوں نے اپنے جریدے “تحزیب الا اخلاق” کے پہلے ایڈیشن میں ثقافت کے بارے میں اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے لکھا، “اس مکمل درجے کی تہذیب، یعنی ثقافت کی تعمیر کا مقصد یہ ہے کہ جس نفرت کے ساتھ مہذب ممالک ان کی طرف دیکھتے ہیں، وہ ختم ہو جائے، اور وہ بھی زمین کے بلند اور مہذب قوموں میں شمار کیے جائیں۔” انہوں نے اس موضوع پر دو طویل مضامین “ثقافت اور اس کی تعریف” اور “تہذیب یا شائستگی اور ثقافت” کے عنوان سے تحزیب الا اخلاق میں شائع کیے۔
سر سید کے مطابق، ہم آہنگی، تعامل، اور پرامن بقائے باہمی کو فروغ دینے کے لیے تعلیم اور اس سے متعلقہ سیکھنے کے مقاصد پر انحصار کرنا ضروری ہے۔ اپنے نقطہ نظر کو واضح کرنے کے لیے، سر سید نے ایک آنکھ کی مثال دی جو جسم کے ہر حصے کی تکلیف اور درد کے لیے روتی ہے۔ یہ وہی تمثیل ہے جسے حکیم الامت علامہ اقبال نے اپنی شاعری میں پیش کیا:
“مبتلائے درد کوئی اعضاء ہو، روتی ہے آنکھ
کس قدر ہم درد سارے جسم کی ہوتی ہے آنکھ۔”
سرسید نے مذہب، ذات، اور عقیدے کی حدود سے بالاتر ہوکر نوجوانوں کی اصلاح، تعلیم، اور بااختیار بنانے کی قسم کھائی جس کا سب سے بڑا نمونہ آج بھی موجود ہے: علی گڑھ مسلم یونیورسٹی (AMU)، جس کا پہلا گریجویٹ ایک ہندو، اشواری پرساد، تھا۔ اس کی کامیابیاں دنیا بھر میں پھیل رہی ہیں اور مذہبی سرحدوں کو عبور کر رہی ہیں۔
ہندوستان ایک کثیر مذہبی، کثیر ثقافتی، اور کثیر لسانی ملک ہونے کے ناطے اس وقت بہت چیلنجنگ دور سے گزر رہا ہے۔ اس نازک موقع پر، جب نفرت کے جرائم میں اضافہ ہو رہا ہے، خاص طور پر مسلمانوں اور ہندوؤں کے درمیان، اور کچھ چھوٹے سیاسی ایجنڈے رکھنے والے عناصر جان بوجھ کر معاشرے کے تمام طبقات میں نفرت اور عداوت پھیلا رہے ہیں، مسلم مصلحین کے نظریات کو فوری طور پر یاد کرنا ضروری ہے۔ نفرت انگیز تقاریر، نسلی تشدد، mob lynching، اقلیتوں کے لیے عدم برداشت، غیر ملکیوں کے خلاف جذبات، وغیرہ کی شکل میں مسائل موجود ہیں۔
تشدد اور تعصب کی تمام اقسام کا مقابلہ کرنے کا بہترین طریقہ یہ ہے کہ بین مذہبی اور اندرونی مذاکرے میں مشغول ہوں، تمام مذاہب میں موجود مشترکات کی تلاش اور ان کی ترویج کریں، عوام سے ایسی زبان میں بات چیت کریں جو وہ سمجھ سکیں، اور انہیں ایسی تعلیمی مواقع فراہم کریں جو وہ حاصل کر سکیں۔ سر سید کا مذہبی امن کا پیغام ایک تروتازہ، خوش آئند مقام فراہم کرتا ہے جہاں سے معاشرے میں ہم آہنگی، اتحاد، اور ہمدردی کی ترقی کے عمل کا آغاز ہو سکتا ہے۔
سرسید کے آخری الفاظ، جو یونیورسٹی کے ایک بڑے پتھر کے ستون پر کندہ ہیں، حقیقت میی سرسید کے فلسفے اور اہداف کی مکمل عکاسی کرتے ہیں، جن کا مقصد بنیادی طور پر مسلم قوم کو علم، اخلاق، اور نظم و ضبط منتقل کرکے بلند کرنا تھا؛ یہ الفاظ یوں ہیں: “اے میرے پیارے بچوں، تم ایک خاص مرحلے پر پہنچ چکے ہو، اور ایک بات یاد رکھو کہ جب میں نے یہ کام شروع کیا، تو میرے خلاف ہر طرف تنقید ہو رہی تھی، مجھ پر الزامات لگائے جا رہے تھے، میری زندگی اتنی مشکل ہو گئی تھی کہ میں اپنی عمر سے پہلے بوڑھا ہو گیا، میرے بال جھڑ گئے، میری بینائی کمزور ہوگئی، لیکن میری بصیرت نہیں کم ہوئی۔ میری بصیرت کبھی مدھم نہیں ہوئی، میرا عزم کبھی ٹوٹا نہیں، میں نے یہ ادارہ تمہارے لئے بنایا ہے اور مجھے یقین ہے، تم اس ادارے کی روشنی کو دور دور تک پھیلاؤ گے، ارد گرد کی تاریکی ختم ہو جائے گی۔”
شمع در شمع جلیں گے تیرے یادوں کے چراغ،
نسل در نسل تیرا درد نمایاں ہوگا!
سالگرہ مبارک ہو، سر سید احمد خان! اللہ تعالیٰ آپ کا درجہ جنت میں بلند فرمائے… آمین!
مترجم کے بارے میں
عبید احمد اخون کالم نگار، موٹیویشنل سپیکر، اور ہفتہ وار ‘ایجوکیشن کوئل’ کے ایسوسی ایٹ ایڈیٹر ہیی اس وقت SKIE Classes خانیار/صورہ برانچ میں سینئر EDP ہیڈ کے طور پر کام کر رہے ہیں