ممبئی، 15 اپریل :
بالی ووڈ کے جونیئر بی ابھیشیک بچن اپنا موازنہ اپنے والد امیتابھ بچن سے نہیں کرنا چاہتے۔
ابھیشیک بچن کی فلم ‘دسویں ‘ حال ہی میں او ٹی ٹی پلیٹ فارم نیٹ فلکس پر ریلیز ہوئی ہے۔ فلم ’دسویں‘ میں ابھیشیک بچن کی اداکاری سے متاثر ہو کر ایک مداح نے سوشل میڈیا پر اپنی رائے دیتے ہوئے ان کی تعریف کی اور ان کا موازنہ ان کے والد امیتابھ بچن سے کیا۔ مداح نے ٹویٹ کیا اور لکھا ‘‘ دسویں کے بعد لوگ اب امیتابھ بچن کو کہیں گے کہ یہ ابھیشیک بچن کے والد ہیں۔ کیا فلم ہے، کیا اداکاری کی ہے آپ نے ابھیشیک بچن ‘‘۔
ابھیشیک بچن نے جواب دیتے ہوئے مداح کا شکریہ ادا کیا ، اس کے ساتھ ہی انہوں نے والد امیتابھ کو احترام پیش کرتے ہوئے ایک مضحکہ خیز بات بھی لکھی۔ انہوں نے ٹویٹ کیا ’’شکریہ تعریف کے لیے ، لیکن نہیں… باپ ، باپ ہوتا ہے اور رشتے میں وہ ہمارے… یہ تو آپ جانتے ہی ہیں‘‘۔
واضح رہے کہ تشار جلوٹا کی ہدایت کاری والی فلم ‘دسویں ‘ میں ابھیشک بچن نے ایک سیاستدان کا کردار ادا کیا ہے۔ وہیں نمرت کور ان کی بیوی کا کردار ادا کر رہی ہیں جو اپنے شوہر کے جیل جانے کے بعد وزیر اعلیٰ بن جاتی ہیں، یامی گوتم نے جیلر کا کردار ادا کیا ہے۔(یو این آئی)