چٹان ویب مانیٹرینگ
بالی ووڈ کوئین کنگنا رناوت ان دنوں اپنی آنے والی فلم ایمرجنسی کو لے کر سرخیوں میں ہیں۔ اس فلم کا ٹیزر جمعرات کو جاری کیا گیا ہے، جس میں کنگنا کو سابق وزیر اعظم آنجہانی اندرا گاندھی کے روپ میں دیکھ کر ہر کوئی حیران ہے۔ دراصل ٹیزر میں کنگنا بالکل اندرا گاندھی جیسی نظر آرہی ہیں۔
جیسا کہ فلم کے نام سے ظاہر ہے، یہ فلم اس وقت لگائی گئی ایمرجنسی پر مبنی ہے جب اندرا گاندھی وزیر اعظم تھیں اور کنگنا اندرا گاندھی کا کردار ادا کر رہی ہیں۔
‘ایمرجنسی’ کے فرسٹ لک پوسٹر میں کنگنا رناوت کے اندرا گاندھی کی طرح ہی چھوٹے سفید بال، ان کے چہرے پر اندرا گاندھی کی طرح ہلکی جھریاں نظر آ رہی ہیں۔ ٹیزر میں کنگنا اپنے دفتر میں کچھ کاغذات کو پر اعتماد انداز میں دیکھ رہی ہیں۔ فلم کے پوسٹر اور ٹیزر کو دیکھ کر لگتا ہے کہ کنگنا نے اس فلم کے لیے بہت محنت کی ہے۔
کنگنا نے خود اپنے انسٹا اکاو¿نٹ پر پوسٹر اور ٹیزر شیئر کیا ہے۔ اس کے ساتھ انہوں نے کیپشن میں لکھا، ”ایمرجنسی کی پہلی جھلک یہاں ہے۔ دنیا کی تاریخ کی سب سے طاقتور اور متنازعہ خواتین میں سے ایک کی تصویر‘۔
قابل ذکر ہے کہ ایمرجنسی کی ہدایت کاری اور لکھنے کا کام خود کنگنا رناوت نے کیا جبکہ وہ اسے رینو پٹی کے ساتھ پروڈیوس بھی کر رہی ہیں۔ اسکرین پلے اور مکالمے رتیش شاہ نے لکھے ہیں۔ فلم کی شوٹنگ شروع ہو چکی ہے۔
