ویب ڈیسک
رافئیلا اپونتے سوئٹزرلینڈ میں واقع ’میڈیٹرینین شپنگ کمپنی‘ (ایم ایس سی) کی شریک بانی ہیں اور ان کے پاس 31 اعشاریہ دو ارب ڈالر موجود ہیں۔
فوربز کے مطابق رافئیلا اپونتے دنیا کی امیر ترین ’سیلف میڈ‘ خاتون ہیں اور انہوں نے دنیا کی سب سے بڑی شپنگ کمپنی ایم ایس سی 1970 میں اپنے شوہر جیانلوئیجی اپونتے کے ساتھ مل کر قائم کی تھی۔
ان کی کمپنی کا دفتر جنیوا میں واقع ہے اور اس کے پاس موجود کشتیوں اور بحری جہازوں کی تعداد 730 ہے جو کہ 48 لاکھ کنٹینرز کی منتقلی کی صلاحیت رکھتی ہیں۔
ایم ایس سی کے 50 فیصد شیئرز کی مالک رافئیلا اپونتے کی اپنے شوہر سے پہلی ملاقات 1960 کی دہائی میں ایک اطالوی جزیرے پر ہوئی تھی جو کہ سیاحوں کو سیر کروانے والے ایک جہاز کے کپتان تھے۔
رافئیلا سوئٹزرلینڈ میں مقیم ایک اسرائیلی بینکر کی بیٹی ہیں اور انہوں نے اپنی پہلی نوکری بھی ایک سوئس بینک میں کی تھی۔
سنہ 1970 میں انہوں نے اپنی نوکری چھوڑ دی اور اپنے شوہر کے ساتھ مل کر دو لاکھ ڈالرز کا قرض لیا جس سے دونوں نے ’پیٹریشیا‘ نامی ایک چھوٹا سا مال بردار جہاز خریدا۔
اُسی سال اس جوڑے نے جنیوا میں ایم ایس سی کی بنیاد رکھی اور پُرانے جہاز خریدنا شروع کیے۔ انہوں نے اپنے دوسرے جہاز کا نام ’رافئیلا‘ رکھا تھا۔
دونوں نے مل کر 1979 تک 17 مال بردار جہاز خرید لیے تھے اور یہ جہاز یورپ سے افریقہ تک ان سمندری علاقوں سے گزرتے ہوئے نظر آتے تھے جہاں باقی کمپنیوں کے جہاز نہیں جاتے تھے۔
رافئیلا اور ان کے شوہر نے دیکھتے ہی دیکھتے اپنے کاروبار کو اتنا بڑھا لیا کہ 1988 میں انہوں نے ’کروز‘ خریدے اور سنہ 2000 تک وہ پوری طرح لوجسٹک کے کاروبار پر چھا چکے تھے۔
کمپنی کو قائم ہوئے پانچ دہائیاں گزر جانے کے بعد بھی رافئیلا اور ان کے شوہر کی ایم ایس سی پر مستحکم گرفت برقرار ہے اور ان کا بیٹا ڈیاگو اس کمپنی کا چیئرمین اور صدر ہے جبکہ کمپنی کے 50، 50 فیصد شیئرز آج بھی رافئیلا اور شوہر جیانلوئیجی اپونتے کے ہی نام ہیں۔
رافئیلا اب 72 برس کی ہوچکی ہیں اور ان کے پاس اپنی کمپنی کی کوئی باقاعدہ پوزیشن نہیں۔ ایم ایس سی کو پہلا جہاز خریدنے کے لیے 2 لاکھ ڈالرز قرض دینے والے ڈومینِک دیناٹ کا کہنا ہے کہ کمپنی کی کامیابی میں ’رافئیلا نے فیصلہ کُن کردار ادا کیا اور وہ ایک مضبوط عورت ہیں۔‘