ویب ڈیسک
ہالی وُڈ کی مشہور فلم ’گلیڈی ایٹر‘ کا سیکوئل یعنی گلیڈی ایٹر ٹو کا ٹریلر دنیا بھر میں ریلیز کر دیا گیا ہے۔گلیڈی ایٹر2 کے ٹریلر کا آغاز لوسیاس کے کردار کو دکھانے سے ہوتا ہے جو کے اب شمالی افریقی ملک نومیڈیا میں رہتا ہے۔
لوسیاس آنجہانی کموڈوس اور لوسیلا کا بیٹا ہے جسے جنرل مارکس اکاسیاس قید کر کے روم میں بنے مشہور زمانہ ایرینا میں لڑائی کے لیے واپس لاتا ہے۔
تین منٹ سے زائد کے ٹریلر میں لوسیاس اور مارکس کے درمیان لڑائی کی جھلکیوں کو بھی دکھایا گیا ہے۔یہ فلم گلیڈی ایٹر1 کے 24 سال بعد کے مناظر اور کہانی کو دکھاتی ہے۔
اس فلم کی مرکزی کاسٹ میں پاؤل میسکل، ڈینزل واشنگٹن، پیڈرو پاسکل، جی مون ہونسو، کونی نیلسن اور جوزف جوئن شامل ہیں۔
گلیڈی ایٹر ون کی طرح اس فلم کی ہدایات کاری بھی مشہور ہدایت کار رِڈلی سکاٹ نے کی ہے۔یاد رہے کہ گلیڈی ایٹر ون کی کہانی میکسیمس نامی رومن جنرل کے گرد گھومتی ہے جو ایک ظالم بادشاہ کوموڈوس سے بدلہ لیتا ہے۔
گلیڈی ایٹر ون کی کاسٹ میں رسل کرو، ہواکین فینکس، کونی نیلسن، سپینسر ٹریٹ کلارک اور رچرڈ ہیرس شامل تھے۔اس فلم کی ہدایات کاری بھی رِڈلی سکاٹ نے کی۔گلیڈی ایٹر ٹو میں امریکی ریپر کانیے ویسٹ کا گانا ‘نو چرچ ان دی وائلڈ’ بھی شامل کیا گیا ہے جس پر سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ایکس پر صارفین اعتراضات اٹھا رہے ہیں۔
ایکس صارف کیون انتھونی کارنے نے اپنے پوسٹ میں لکھا کہ ‘یہ اچھا ٹریلر ہے تاہم کانیے کا گانا استعمال کرنے پر تشویش ہے لیکن مجھے اس ٹریلر نے یقین نہیں دلایا کہ اس فلم کو بنانے کی کوئی ضرورت تھی۔‘
خیال رہے کہ گلیڈی ایٹر ٹو دنیا بھر کے سنیما گھروں میں 22 نومبر کو ریلیز کی جائے گی۔