سرینگر،19مارچ
جموں وکشمیر نیشنل کانفرنس کے لیڈر تنویر صادق نے آج پارٹی نائب صدر عمر عبداللہ اورجنرل سکریٹری حاجی علی محمد ساگر کی موجودگی میں باضابطہ طور پر پارٹی کے ترجمانِ اعلیٰ کی ذمہ داری سنبھالیں۔قبل ازیں اسی سلسلے میں پارٹی ہیڈکوارٹر نوائے صبح کمپلیکس میں ایک پُر وقار تقریب کا انعقاد ہوا ، جس میں ترجمانِ اعلیٰ تنویر صادق سمیت پارٹی کے ریاستی ترجمان عمران نبی ڈار، ڈپٹی پولیٹکل سکریٹری مدثر شاہمیری اور صوبائی ترجمان عفراء جان کو نئی ذمہ داریاں ملنے پر عزت افزائی اور حوصلہ افزائی بھی کی گئی۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پارٹی نائب صدر عمر عبداللہ نے ترجمانِ اعلیٰ تنویر صادق سمیت پارٹی میڈیا ٹیم کے ممبران کومبارکباد پیش کرتے ہوئے اُمید ظاہر کی کہ یہ ٹیم پارٹی کے نصب العین کے ساتھ ساتھ لوگوں کے مسائل و مشکلات خوش اسلوبی کیساتھ اُجاگر کریں اور ہماری توقعات پر کھرے اُتریں گے۔ اُن کاکہنا تھا کہ موجودہ دور میں جہاں ذرائع ابلاغ پر بہت زیادہ دبائو ہے اور کوئی بھی سچ لکھنے یا بولنے کی جرأت نہیں کرپا رہاہے ایسے میں پارٹی کی میڈیا ونگ کی ذمہ داریاں اور بڑھ جاتی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہمارے دورِ حکومت میں جو اخبارات حکومت اور انتظامیہ کی نکتہ چینیوں سے بھر ہوتے تھے اور جو مبصرین، تجزیہ نگار اور کالم نویس بڑے بڑے کالم لکھا کرتے تھے ، وہ خاموش ہوگئے ہیں، اُن کا آج کہیں نام و نشان نہیں۔ یہ سب کچھ ایک ایسے ماحول کی دین ہے جہاں حکومت کی مخالفت کرنا گناہ سمجھا جاتا ہے۔ یہاں آج ایک صحافی کو پی ایس اے کے تحت بند رکھا گیا ہے اور اُس پر الزام ہے کہ وہ حکومت کی تعریف نہیںکرتا ہے۔
عمر عبداللہ نے کہا کہ ایک ایسے ماحول میں جہاں حکومتی سطح پر جھوٹ کا بول بالا ہے وہاں ہماری میڈیا ونگ کی ذمہ داری بنتی ہے کہ وہ سچ کو عوام تک پہنچائے۔ انہوں نے پارٹی میڈیا ونگ سے کہاکہ نیشنل کانفرنس صدر ڈاکٹر فاوق عبداللہ سے لیکر ایک چھوٹے کارکن تک پوری پارٹی آپ کی پشت پر ہے۔ پارٹی جنرل سکریٹری حاجی علی محمد ساگر نے پارٹی کے ترجمانِ اعلیٰ سمیت دیگر نومنتخب عہدیداروں کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ میڈیا ونگ کی پارٹی میں انتہائی اہمیت ہوتی ہے ۔ انہوںنے کہا کہ موجودہ دور میں جموںوکشمیر کو زبردست چیلنجوںکا سامنا ہے اور اس وقت نیشنل کانفرنس میڈیا ونگ کو اہم رول نبھانا ہوگا۔ اُن کا کہنا تھا کہ نیشنل کانفرنس پوری طرح اپنی میڈیا ونگ کو تعاون دیتی رہے گی۔ نیشنل کانفرنس کا اصول رہاہے کہ ہم تنقید برائے تنقید میں یقین نہیں رکھتے ہیں بلکہ ہماری تنقید برائے تعمیر رہی ہے۔
تقریب پر پارٹی کے ترجمانِ اعلیٰ تنویر صادق نے لیڈرشپ اور پارٹی سے وابستہ تمام افراد کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے اس عزم کااظہار کیاکہ پارٹی کی میڈیا ونگ کی ہر حال میں نیشنل کانفرنس کے نظریہ عوام کے سامنے رکھیں اور ساتھ ہی ریاست اور عوام کو درپیش مختلف نوعیت کے چیلنجوں کو بھی اُجاگر کیا جائے گا۔ تقریب پر پارٹی خواتین ونگ کی ریاستی صدر شمیمہ فردوس، سینئر لیڈران عرفان احمد شاہ، پیر محمد حسین، ایڈوکیٹ شوکت احمد میر، احسان پردیسی، انجینئر صبیہ قادری، سلمان علی ساگر، غلام نبی وانی تیل بلی، قیصر جلالی، ڈاکٹر سعید اور دیگر عہدیداران بھی موجود تھے۔