سرینگر،19مارچ
پولیس نے وسطی کشمیر کے ضلع بڈگام کے ہمہامہ علاقے میں ایک ہوٹل میں پیش آنے والے واقعے کے بارے میں کہا کہ فوجی جوان اور مقامی لڑکیاں ایک دوسرے کو نہیں جانتے تھے۔
بتادیں کہ رپورٹس میں کہا گیا کہ پولیس نے سری نگر ہوائی اڈے کے باہر دو فوجی اہلکاروں کو دو مقامی لڑکیوں سمیت گرفتار کیا۔
ایک پولیس ترجمان نے اس ضمن میں وضاحت کرتے ہوئے اپنے ایک بیان میں کہا کہ آج (ہفتے کی صبح) صبح دو فوجی جوان سری نگر ہوائی اڈے کی طرف جا نے کے دوران ہمہامہ کے نزدیک ایک مقامی ریسٹورنٹ پر چائے پینے کے لئے رک گئے۔
بیان میں کہا گیا: ’اس ریسٹورنٹ میں دو مقامی لڑکیاں پہلے ہی کھانا کھا رہی تھیں تو کچھ شر پسندوں نے وہاں ایک منظر پیدا کرنے کی کوشش کی جس سے کچھ مقامی لوگوں کی توجہ اس کی طرف مبذول ہوگئی‘۔
موصوف ترجمان نے اپنے بیان میں کہا کہ پولیس جائے موقع پر پہنچ گئی اور اس مسئلے میں مداخلت کی۔
انہوں نے کہا کہ ابتدائی تحقیقات کے دوران معلوم ہوا کہ فوجی جوان اور یہ مقامی لڑکیاں اکٹھے نہیں تھی اور نہ ہی ایک دوسرے کو جانتے تھے۔
ان کا بیان میں مزید کہنا تھا کہ بعد ازاں لڑکیوں کو اپنے لواحقین کے سپرد کیا گیا۔یو این آئی