سری نگر،20 مارچ :
شمالی کشمیر کے ضلع کپواڑہ میں پولیس نے بد نام زمانہ منشیات فروش پر پبلک سیفٹی ایکٹ عائد کرکے جیل بھیج دیا ہے۔ دوسری جانب کپواڑہ میں ہی پولیس نے دو منشیا ت فروشوں کو ممنوع نشیلی اشیاء سمیت دھر دبوچ کر سلاخوں کے پیچھے دھکیل دیا۔پولیس ذرائع نے بتایا کہ:’کپواڑہ پولیس نے منشیات فروش ہلال احمد خان ولد عبدارلشید خان ساکن میدان پورہ لولاب پر پی ایس اے عائد کرکے جیل بھیج دیا ہے‘۔انہوں نے کہا:’ منشیات فروش کو سینٹرل جیل کورٹ بلوال منتقل کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔
ادھر پولیس ترجمان نے بتایا کہ مصدقہ اطلاع موصول ہونے کے بعد ایس ایچ او کپواڑہ رفیق لون نے ایگزیکٹیو مجسٹریٹ کے ہمراہ بمہامہ میں ناکہ لگایا جس دوران عاشق راتھر ولد حبیب اللہ راتھر ساکن کانڈی کو روک کر اْس کی تلاشی لی گئی۔انہوں نے بتایا کہ تلاشی کے دوران مذکورہ شخص کے قبضے سے دو سو گرام ممنوع نشیلی اشیائ برآمد کرکے ضبط کی گئی۔
پولیس نے عاشق راتھر نامی منشیات فروش کو حراست میں لے کر بڑے پیمانے پر تحقیقات شروع کی ہے۔علاوہ ازیں کپواڑہ پولیس نے رگی پورہ کراسنگ کے نزدیک وسیم احمد کابو ولد فاروق احمد کابو ساکن ماتری گرام کو روک اْس کی تلاشی لی جس دوران اْس کے قبضے سے 20 گرام برون شوگر برآمد ہوا۔دریں اثنا پولیس نے عام شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ منشیات کا قلع قمع کرنے اور جرائم کو پنپنے سے روکنے کے لئے محکمہ کو اپنا دستِ تعاون فراہم کریں تاکہ سماج کو ان بدعات سے پرے رکھا جاسکے۔پولیس نے ایسے افراد کو متنبہ کیا ہے کہ وہ غیر قانونی اور ناجائز کار وبار سے باز آجائیں بصور ت دیگر ان کے خلاف قانونی کے مطابق کڑی سے کڑی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔یو این آئی