سری نگر، 22مارچ:
انسپکٹر جنرل آف پولیس کشمیر رینج وجے کمارکا کہنا ہے کہ زونی مر میں پولیس اہلکار کی ہلاکت می ملوث جنگجووں کی شناخت مکمل ہو چکی ہے اور بہت جلد اُنہیں کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا۔
انہوں نے کہاکہ حالیہ شہری ہلاکتوں میں مذکورہ ملی ٹینٹوں کے ملوث ہونے کوبھی خارج از امکان قرار نہیں دیا جاسکتا ہے۔
ان باتوں کا اظہار موصوف نے ضلع پولیس لائنز سری نگر میں تعزیبی گلباری تقریب کے بعد نامہ نگاروں سے بات چیت کے دوران کیا۔انہوں نے کہاکہ ملی ٹینٹوں کی نقل وحرکت کی اطلاع موصول ہونے کے بعد منگل کے روز خصوصی پولیس ٹیم نے سرخ کار میں سوار لشکر طیبہ کے تین ملی ٹینٹوں کا پیچھا کیا ۔
انہوں نے بتایا کہ زونی مر سری نگر کے نزدیک پولیس اور کار میں موجود ملی ٹینٹوں کے درمیان گولیوں کا تبادلہ ہوا جس دوران ایک پولیس اہلکار عامر گولیاں لگنے سے شدید طورپر زخمی ہوا اور بعد میں اُس کی ہسپتال میں موت واقع ہوئی۔
آئی جی کشمیر کے مطابق کار میں لشکر کمانڈر باسط سمیت تین جنگجو سوار تھے ۔اُن کے مطابق مہران کی ہلاکت کے بعد باسط کو لشکر کی کمانڈ سونپی گئی ہے۔موصوف آئی جی کا کہنا ہے کہ کار میں سوار تینوں جنگجووں کی شناخت مکمل ہو چکی ہے اور اُنہیں بہت جلد کیفر کردارتک پہنچایا جائے گا۔حالیہ شہری ہلاکتوں میں مذکورہ جنگجووں کے ملوث ہونے کے بارے میں پوچھے گئے سوال کے جواب میں آئی جی نے بتایا کہ شہری ہلاکتوں میں مذکورہ ملی ٹینٹوں کے ملوث ہونے کو خارج از امکان قرار نہیں دیا جا سکتا ہے۔یو این آئی