سری نگر 23مارچ:
جموں وکشمیر کی گرمائی راجدھانی سری نگر کے رعناواری علاقے میں بدھ کی شام کو ہوئے گرینیڈ حملے میں پانچ پولیس اہلکار، ایک سی آر پی جوان اور ایک عام شہری سمیت سات افراد زخمی ہوئے ہیں۔
سرکاری ذرائع نے بتایا کہ پائین شہر کے زندہ شاہ مسجد رعناواری علاقے میں بدھ کی شام مشتبہ جنگجووں نے سی آر پی ایف بینکر پر گرینیڈ پھینکا جو زور دار دھماکے کے ساتھ پھٹ گیا جس کے نتیجے میں پانچ پولیس اہلکاروں سمیت سات افراد زخمی ہوئے۔
انہوں نے بتایا کہ زخمیوں کو علاج ومعالجہ کی خاطر جواہر لال نہر ومیموریل ہسپتال رعناواری منتقل کیا گیا جہاں سے چار کو مزید علاج ومعالجہ کی خاطر صدر ہسپتال سرنگر ریفر کیا گیا۔
اُن کے مطابق زخمیوں کی شناخت اسسٹنٹ سب انسپکٹر فیاض احمد ، ہیڈ کانسٹیبل محمد امین، ایس پی او شبیر احمد ، ٹریفک پولیس اہلکار فیاض احمد شاہ اور شبیر احمد شاہ ، سی آر پی ایف کانسٹیبل تریتھ سنگھ اور عام شہری زاہد حسین کے بطور ہوئی ہے۔
سی آر پی ایف کے ترجمان نے یو این آئی اردو کو بتایا کہ رعناواری گرینیڈ حملے میں 82 بٹالین سے وابستہ ایک اہلکار زخمی ہوا تاہم ہسپتال میں اُس کی حالت مستحکم ہے۔
انہوں نے کہاکہ گرینیڈ حملے کے بعد سیکورٹی فورسز نے ایک وسیع علاقے کو محاصرے میں لے کر حملہ آوروں کی تلاش شروع کی ۔
دریں اثنا صدر ہسپتال کے ایک سینئر ڈاکٹر نے یو این آئی اردو کو بتایا کہ چار زخمیوں کو ہسپتال میں بھرتی کیا گیا۔
انہوں نے بتایا کہ زخمیوں کو بہتر طبی امداد فراہم کی جارہی ہیں اور سبھی کی حالت خطرے سے باہر ہے۔(یو این آئی)
