سری نگر،25 مارچ:
وادی کشمیر کو لداخ یونین ٹریٹری کے ساتھ جوڑنے والی 434 کلو میٹر طویل سری نگر- لیہہ شاہراہ قریب تین مہینوں تک بند رہنے کے بعد جمعے کے روز یک طرفہ ٹریفک کی نقل و حمل کے لئے کھول دی گئی۔
اس شاہراہ پر ٹریفک کی بحالی کا فیصلہ چند روز قبل صوبائی کمشنر کشمیر پی کے پولے اور صوبائی کمشنر لداخ سوگت بسواس نے ایک میٹنگ کے دوران لیا تھا۔
سرکاری ذرائع نے بتایا کہ سری نگر- لیہہ شاہراہ پر جمعے کے روز ٹریفک کی نقل و حمل بحال کردی گئی تاہم شاہراہ پر فی الوقت یک طرفہ ٹریفک چلنے کی ہی اجازت ہے۔
انہوں نے کہا کہ شاہراہ پر پہلے چھوٹی گاڑیوں کو ہی چلنے کی اجازت ہے اور اس شاہراہ پر بڑی مال بر دار گاڑیوں کی نقل و حمل کے بارے میں بعد میں فیصلہ لیا جائے گا۔
مذکورہ ذرائع نے کہا کہ شاہراہ پر طاق دنوں کو ٹریفک سری نگر سے لیہہ تک چلے گا جبکہ جفت دنوں کو لیہہ سے سری نگر ٹریفک کو چلنے کی اجازت ہوگی۔
انہوں نے کہا کہ بارڈر روڈس آرگنائزیشن جو اس روڈ کی دیکھ بھال کرنے کا ذمہ دار دارہ ہے، کی طرف سے برف ہٹانے کے بعد ہی اس شاہراہ کو کھول دیا گیا ہے۔ (یو این آئی)