سری نگر،25 مارچ :
جموں وکشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے یونین ٹریٹری کے بجٹ برائے سال 2022-23 کو
ترقی پر مبنی بجٹ قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ بجٹ جموں و کشمیر کے لوگوں کی تمام ضرورتوں اور خواہشوں کو پورا کرنے والا بجٹ ہے۔انہوں نے کہا کہ اس بجٹ میں تمام پہلوؤں کو مدنظر رکھا گیا ہے اور بجٹ جموں وکشمیر انتظامیہ کی امن و ترقی کے لئے کی جا رہی کاوشوں کو بھی دہراتا ہے۔
موصوف لیفٹیننٹ گورنر نے ان باتوں کا اظہار جمعے کے روز ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرنے کے دوران کیا۔انہوں نے کہا: ’جموں و کشمیر کا بجٹ برائے سال 2022-23 یہاں کے لوگوں کی تمام ضرورتوں اور خواہشوں کو پورا کرنے والا بجٹ ہے یہ بجٹ یونین ٹریٹری انتظامیہ کی امن و ترقی کے لئے کی جا رہی کاوشوں کو بھی دہرا رہا ہے‘۔ان کا کہنا تھا کہ اس بجٹ کا بنیادی مقصد جموں و کشمیر میں ترقی اور قیام امن کو یقینی بنانا ہے۔مسٹر سنہا نے کہا کہ یہ ترقی پر مبنی بجٹ ہے اور اس میں تمام پہلوؤں کو مد نظر رکھا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ اس بجٹ سے تمام شعبوں کو فائدہ پہنچے گا اور کسی کے ساتھ کوئی بھید بھاؤ نہیں ہوگا۔موصوف نے کہا کہ باغبانی اور سیاحت ہماری توجہ کے بنیادی مرکز ہوں گے۔
انہوں نے کہا کہ شعبہ سیاحت جموں وکشمیر کے اقتصادیات کے لئے ریڑھ کی ہڑی کی حیثیت رکھتی ہے اور ہم اس شعبے کو نئی بلندیوں تک لے جانے کو ہر حال میں یقینی بنائیں گے۔مسٹر سنہا نے کہا کہ بجلی سیکٹر بھی ہماری توجہ کا خاص مرکز رہے گا جو گذشتہ کئی دہائیوں سے ٹھیک نہیں ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ اگلے چار برسوں کے دوران جموں وکشمیر میں زائد از ضرورت بجلی دستیاب ہوگی۔انہوں نے کہا کہ سال رواں کے دوران محکمہ بجلی سری نگر اور جموں اضلاع میں چھ لاکھ سمارٹ میٹرس نصب کرنے والا ہے تاکہ بجلی کی چوری کی روک تھام کو یقینی بنایا جاسکے۔ان کا مزید کہنا تھا کہ امسال ماہ ستمبر میں چناب وادی میں تعمیر ہونے والا دنیا کا سب سے بڑا ریل برج بھی مکمل ہوگا جو وادی کشمیر کو کنیا کماری سے جوڑے گا۔قابل ذکر ہے کہ مرکزی وزیر خزانہ نرملا سیتا رمن نے 17 مارچ کو پارلیمنٹ میں جموں وکشمیر کے لئے 1.42 لاکھ کروڑ روپیوں کا بجٹ پیش کیا۔یو این آئی