سری نگر 26مارچ:
جموں وکشمیر کے وسطی ضلع بڈگام کے چٹ بوگ علاقے میں ہفتے کی شام کو مشتبہ جنگجووں نے ایس پی او اور اْس کے بھائی پر اندھا دھند فائرنگ کی جس کے نتیجے میں ایس پی کی موقع پر ہی موت واقع ہوئی جبکہ اْس کے بھائی کی حالت ہسپتال میں تشویشناک بنی ہوئی ہے۔
سرکاری ذرائع نے بتایا کہ ہفتے کی شام کو بڈگام کے چٹ بوگ گاوں میں مشتبہ جنگجووں نے ایس پی او اور اْس کے بھائی پر اندھا دھند فائرنگ شروع کی۔انہوں نے بتایا کہ اہل خانہ نے دونوں زخمی بھائیوں کو نزدیکی ہسپتال منتقل کیا جہاں سے ابتدائی مرہم پٹی کے بعد اْنہیں جے وی سی ہسپتال سری نگر ریفر کیا گیا۔
اْن کے مطابق 26 سالہ ایس پی اوجس کی شناخت اشفاق احمد ڈارکے بطور ہوئی ہے ہسپتال میں زخموں کی تاب نہ لا کر چل بسا جبکہ اْس کے بھائی 23 سالہ عمر احمد ڈار کی حالت انتہائی تشویشناک بنی ہوئی ہے۔
ایک رپورٹ کے مطابق اگرچہ فائرنگ کے واقعہ کے فوراً بعد فورسز نے علاقے کو محاصرے میں لیا تاہم حملہ آور فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے تھے۔پولیس نے معاملے کی نسبت کیس درج کرکے مزید تحقیقات شروع کی ہے۔بتادیں کہ وادی کشمیر میں ایک دفعہ پھر ٹارگیٹ کلنگ کا سلسلہ شروع ہوا ہے، اگر چہ پولیس کے حکام دعویٰ کر رہے ہیں کہ شہری ہلاکتوں میں ملوث جنگجوو ں کو یا تو تصادم آرائیوں کے دوران مار گرایا گیا یا پھر اْن کی گرفتاری عمل میں لائی گئی لیکن اس کے باوجود بھی ملی ٹینٹوں کی جانب سے پولیس اہلکاروں اور عوامی نمائندوں کو نشانہ بنانے کی کارروائیاں جاری ہیں۔ یو این آئی