سرینگر،02اپریل:
سرینگر کے صورہ علاقے سے تعلق رکھنے والے ایک شخص نے پولیس اسٹیشن صورہ میں اپنی چھ سالہ بچی کے ساتھ چھیڑ چھاڑ کرنے کا معاملہ درج کیا ہے۔
شکایت کنندہ نے پنڈت ٹیچر پر اس کی کمسن بچی کے ساتھ چھیڑ چھاڑ کا الزام عائد کیا ہے۔ سرینگر پولیس نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے ملزم استاد کو گرفتار کر لیا ہے۔ گرفتار کیے گئے ٹیچر کی شناخت جانی پور، جموں سے تعلق رکھنے والے ٹیچر امیت امبردار روی کے نام سے ہوئی ہے۔
پولیس نے اس معاملے میں ایک ایف آئی آر 27/2022 درج کرکے مزید تفتیش شروع کر دی ہے۔
واضح رہے کہ سماجی رابطہ گاہوں پر چھ سالہ بچی کے ساتھ عصمت ریزی کی افواہیں گشت کر رہی ہیں، تاہم سرینگر پولیس نے بیان جاری کرتے ہوئے کہا ہے ’’سوشل میڈیا پر ایک نابالغ لڑکی کی عصمت دری کے حوالے سے کچھ افواہیں پھیلائی جا رہی ہیں، یہ واضح کیا جاتا ہے کہ ایسا کوئی واقعہ پیش نہیں آیا ہے۔‘‘