سری نگر 11 اپریل:
جموں وکشمیر کے ضلع کولگام کے کھور بٹہ پورہ گاوں میں جنگجووں اور سیکورٹی فورسز کے مابین تصادم میں 2 جنگجو مارے گئے جبکہ ابتدائی گولیوں کے تبادلے میں دو پولیس اہلکار زخمی ہوئے ہیں۔آئی جی کشمیر نے بتایا کہ کولگام میں جاری تصادم آرائی میں ایک پاکستانی اور ایک ہابئیرڈ ملی ٹینٹ مارا گیاجبکہ آپریشن ہنوز جاری ہے۔
پولیس ذرائع نے بتایا کہ کولگام کے کھور بٹہ پورہ گاوں میں جنگجووں کی موجودگی کی اطلاع موصول ہونے کے بعد سیکورٹی فورسز نے پیر کی سہ پہر علاقے کو محاصرے میں لے کر جنگجو مخالف آپریشن شروع کیا۔انہوں نے بتایا کہ سیکورٹی فورسز کے اہلکار وں نے جوں ہی مشتبہ مقام کی اور پیش قدمی شروع کی تو وہاں پر موجود جنگجووں نے حفاظتی عملے پر اندھا دھند فائرنگ شروع کی۔
انہوں نے کہا سلامتی عملے نے بھی پوزیشن سنبھال کر جوابی کارروائی کا آغاز کیا جس دوران دو ملی ٹینٹ مارے گئے جن میں سے ایک پاکستان کا ساکن ہے۔پولیس ذرائع نے بتایا کہ ملی ٹینٹوں کی ابتدائی فائرنگ میں دو پولیس اہلکار زخمی ہوئے جنہیں علاج ومعالجہ کی خاطر نزدیکی ہسپتال منتقل کیا گیا۔ا
نہوں نے بتایا کہ تصادم کی جگہ اسلحہ وگولہ بارود اور قابل اعتراض مواد برآمد کرکے ضبط کیا گیا۔آئی جی کشمیر وجے کمار نے تصادم کے حوالے سے جانکاری فراہم کرتے ہوئے بتایا کہ کولگام کے کھور بٹہ پورہ گاوں میں سیکورٹی فورسز کے ساتھ تصادم میں دو جنگجو مارے گئے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ مہلوک جنگجو گزشتہ ہفتے چیک صمد علاقے میں سیکورٹی فورسز کو چکمہ دے کر فرار ہونے میں کامیاب ہوئے تھے۔انسپکٹر جنرل آف پولیس کشمیر رینج نے بتایا کہ پچھلے دو دنوں کے دوران سری نگر اور کولگام میں تصادم آرائیوں کے دوران تین پاکستانی جنگجووں کو مار گرایا گیا ہے۔انہوں نے کہاکہ علاقے میں جنگجو مخالف آپریشن جاری ہے۔یو این آئی