سری نگر،13 اپریل:
وادی کشمیر میں کئی ہفتوں کے خشک و گرم موسم کا زور بالآخر گذشتہ شام ٹوٹ ہی گیا جس سے لوگوں کو گرمی سے راحت نصیب ہوئی۔
محکمہ موسمیات کے ایک ترجمان کے مطابق وادی میں اگلے چوبیس گھنٹوں کے دوران مطلع ابر آلود رہ سکتا ہے اور اس دوران کہیں کہیں بارشیں ہونے کا بھی امکان ہے۔
انہوں نے کہا کہ وادی میں 13 اور14 اپریل کو بھی مطلع ابر آلود رہ سکتا ہے اور اس دوران کئی مقامات پر بارشیں بھی متوقع ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ بعد ازاں رواں ماہ کی 20 اور21 تاریخ کو ایک بار پھر موسم کروٹ بدل سکتا ہے اور اس دوران بارشیں ہونے کا امکان ہے۔
گرمائی دارلحکومت سری نگر جہاں گذشتہ بارہ گھنٹوں کے دوران 5.3 ملی میٹر بارش ریکار ہوئی ہے، میں کم سے کم درجہ حرارت 11.8 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جو معمول سے 4.2 ڈگری سینٹی گریڈ زیادہ تھا۔
وادی کے مشہور زمانہ سیاحتی مقام گلمرگ جہاں گذشتہ بارہ گھنٹوں کے دوران7.8 ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی ہے، میں کم سے کم درجہ حرارت 2.5 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جو معمول سے 1.0ڈگری سینٹی گریڈ زیادہ ریکارڈ ہوا تھا۔
وادی کے دوسرے مشہور سیاحتی مقام پہلگام جہاں گذشتہ بارہ گھنٹوں کے دوران 6.8 ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی ہے، میں کم سے کم درجہ حرارت 7.6 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جو معمول سے4.7 ڈگری سینٹی گریڈ زیادہ ریکارڈ ہوا تھا۔ (یو این آئی)