جموں،16 اپریل :
سیکورٹی فوروسز نے جموں و کشمیر کے ضلع راجوری میں ہفتے کی صبح ایک بارودی سرنگ بر آمد کی جس کو بعد میں بغیر کوئی نقصان پہنچائے ناکارہ بنا دیا گیا۔
ایک پولیس ترجمان نے اپنے ایک بیان تفصیلات فراہم کرتے ہوئے کہا کہ سیکورٹی فورسز نے جنگجوؤں کے ایک منصوبے پر پانی پھیرتے ہوئے راجوری میں ایک آئی ای ڈی بر آمد کی جس کو بعد میں ایک محفوظ مقام پر لے جا کر ناکام بنا دیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ پولیس کو راجوری کے گردن چاوا گاؤں میں گردن- راجوری روڈ پر مشکوک نقل و حمل کے بارے میں ایک مصدقہ اطلاع موصول ہوئی۔
انہوں نے کہا کہ اطلاع موصول ہونے پر پولیس اور فوج کی ایک مشترکہ ٹیم نے ہفتے کی صبح علاقے کو محاصرے میں لے کر تلاشی آپریشن شروع کر دیا۔
موصوف ترجمان نے کہا کہ آپریشن کے دوران روڈ کے کنارے پر ایک مشکوک چیز پائی گئی جس کا معائینہ کیا گیا تو وہ ایک آئی ای ڈی تھی۔
انہوں نے کہا کہ بعد ازاں بم ناکارہ بنانے والی ایک ٹیم کو جائے موقع پر طلب کیا گیا جنہوں نے اس بارودی مواد کو محفوظ مقام پر لے جا کر ناکارہ بنا دیا۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ پولیس اس ضمن میں مزید تحقیقات کر رہی ہے۔(یو این آئی)