سرینگر،18اپریل:
جنوبی ضلع پلوامہ کے کاکہ پورہ علاقے میں مشتبہ جنگجووں نے ”ریلوے پروٹکشن فورس“میں تعینات دو اہلکاروں پر نزدیک سے گولیاں چلائیں جس کے نتیجے میں ایک اہلکار کی موقع پر ہی موت واقع ہوئی جبکہ دوسرے کو نازک حالت میں ہسپتال منتقل کیا گیا۔
سرکاری ذرائع نے بتایا کہ پیر کی سہ پہر کو کاکہ پورہ پلوامہ میں مشتبہ جنگجووں نے ”آر پی ایف “میں تعینات دو اہلکاروں پر فائرنگ کی جس وجہ سے وہ شدید طورپر زخمی ہوئے۔
انہوں نے بتایا کہ آس پاس موجود لوگوں نے زخمیوں کو علاج ومعالجہ کی خاطر نزدیکی ہسپتال پہنچایا تاہم ڈاکٹروں نے ایک اہلکار کو مردہ قرار دیا جبکہ اُس کے ساتھی کو نازک حالت میں سری نگرریفر کیا گیا ہے۔
سیکورٹی فورسز نے آس پاس علاقوں کو محاصرے میں لے کر حملہ آوروں کی بڑے پیمانے پر تلاش شروع کی ہے۔
ذرائع نے بتایا کہ فوج، پولیس، اور سی آر پی ایف کی ایک بھاری جمعیت نے علاقے کو محاصرے میں لے کر گھر گھر تلاشی کارروائی کا آغاز کیا ہے۔ (یو این آئی)