سری نگر، 19 اپریل:
سیکورٹی فورسز نے شمالی کشمیر کے ضلع کپوارہ کے کرناہ علاقے میں ایک آپریشن کے دوران بھاری مقدار میں اسلحہ و گولہ بارود بر آمد کیا ہے۔
ایک پولیس ترجمان نے تفصیلات فراہم کرتے ہوئے کہا کہ ایک مصدقہ اطلاع کہ سرحد پار سے اسلحہ و گولہ بارود کی بھاری کھیپ اس طرف اسمگل کی گئی ہے، پر کارروائی کرتے ہوئے پولیس اور فوج کی ایک مشترکہ ٹیم نے کرناہ کے حجام محلہ تاڑ کو محاصرے میں لے کر تلاشی آپریشن شروع کر دیا۔انہوں نے کہا کہ تلاشی آپریشن کے دوران بھاری مقدار میں اسلحہ و گولہ بارود بر آمد کیا گیا ۔
بر آمد شدہ اسلحہ و گولہ بارود میں 10پستول، ان کے17 میگزین، 54 پستول گولیاں اور 5 گرینیڈ شامل ہیں۔ان کا بیان میں کہنا تھا کہ ایسا لگتا ہے کہ یہ وادی میں جنگجوؤں کو اپنی سرگرمیاں انجام دینے کے لئے اسلحہ و گولہ بارود کی تازہ کھیپ بھیجی گئی گئی تھی۔
پولیس نے اس ضمن میں ایک کیس درج کرکے مزید تحقیقات شروع کی ہیں۔ (یو این آئی)