سری نگر، 19 اپریل:
جنوبی کشمیر کے ضلع شوپیاں کے بٹہ گنڈ علاقے میں منگل کی صبح جنگجوؤں نے اقلیتی محافظ پر گولیاں چلائیں تاہم کسی جانی یا مالی نقصان کی کوئی اطلاع نہیں ہے۔
ایک پولیس ترجمان نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ شوپیاں کے بٹہ گنڈ علاقے میں منگل کی صبح قریب ساڑھے نو بجے جنگجوؤں نے دور سے ایک اقلیتی گارڈ پر گولیاں چلائیں جس کا وہاں موجود دیگر مستعد اہلکاروں نے جواب دیا۔
انہوں نے کہا کہ تاہم جنگجوؤں نے قریب ہی واقع باغوں کا فائدہ اٹھاتے ہوئے جائے موقع سے فرار ہونے میں کامیابی حاصل کی۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ واقعے کے فوراً بعد سیکورٹی فورسز نے پورے علاقے کو محاصرے میں لے کر حملہ آوروں کی بڑے پیمانے پر تلاش شروع کی ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس واقعے میں کسی جانی یا مالی نقصان کی کوئی اطلاع نہیں ہے۔ (یو این آئی)