سرینگر،19اپریل :
سری نگر میں ”آر پی ایف “ اہلکار کی تعزیتی گلباری تقریب منعقد ہوئی جس میں آئی جی کشمیر سمیت پولیس اور سی آر پی ایف کے سینئر عہدیداروں نے شرکت کی۔بتادیں کہ پیر کی سہ پہر کو کاکہ پورہ پلوامہ میں مشتبہ جنگجووں نے ”آر پی ایف “میں تعینات دو اہلکاروں پر نزدیک سے گولیاں چلائیں جس کے نتیجے میں ایک کی موقع پر ہی موت واقع ہوئی جبکہ دوسرا شدید طورپر زخمی ہوا۔
یو این آئی اردو کے نامہ نگار نے بتایا کہ منگل کے روز پولیس لائنز سری نگر میں ایک تعزیتی گلباری تقریب منعقد ہوئی جس میں انسپکٹر جنرل آف پولیس کشمیر رینج (آئی جی ) وجے کمار ، سی آرپی ایف اور دوسرے سینئر آفیسران نے شرکت کی۔
آئی جی کشمیر نے ترنگے سے لپٹے ”آر پی ایف “اہلکار کی میت پر گلباری کی اور اُنہیں شاندار الفاط میں خراج عقیدت ادا کیا۔
علاوہ ازیں آر پی ایف اہلکاروں پر ہوئے حملے کی ایک سی سی ٹی وی فوٹیج بھی منظر عا م پر آئی ہے جس میں پستول بردار نوجوان کو مذکورہ اہلکاروں پر نزدیک سے گولیاں چلاتے ہوئے صاف دیکھا جاسکتا ہے۔
ذرائع نے بتایا کہ سیکورٹی فورسز نے حملہ آور کی شناخت کے لئے بڑے پیمانے پر کارروائی شروع کی ہے جبکہ آس پاس علاقوں میں دوسرے روز بھی تلاشی آپریشن جاری رہا۔
پولیس کے ایک سینئر آفیسر نے بتایا کہ کاکہ پورہ پلوامہ میں ریلوے پولیس اہلکاروں پرہوئے حملے میں ملوث جنگجو کی پہچان کی خاطر کارروائی شروع کی گئی ہے اور بہت جلد اس سے کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا۔(یو این آئی)