سری نگر،20 اپریل::
سری نگر میں قائم فوج کی پندرہویں کور کے جنرل آفیسر کمانڈنگ (جی او سی ) لیفٹیننٹ جنرل ڈی پی پانڈے نے بدھ کے روز ضلع ہسپتال شوپیاں کا دورہ کیا اور وہاں ڈاکٹروں اور دیگر عملے کا ضلع میں چند روز قبل ایک سڑک حادثے میں زخمی ہونے والے فوجی جوانوں کو بچانے کی کاوشوں پر شکریہ ادا کیا۔
انہوں نے ضلع کے عوام کا بھی شکریہ اعدا کیا جنہوں نے زخمی فوجی جوانوں کو ہسپتال پہنچایا۔
بتادیں کہ شوپیاں کے کنی پورہ گاؤں میں رواں ماہ کی14 تاریخ کو ایک فوجی گاڑی اس وقت حادثے کا شکار ہوئی تھی جب وہ جائے تصادم آرائی کی طرف جا رہی تھی۔
اس حادثے میں سات فوجی جوان زخمی ہوگئے تھے جن میں سے بعد میں دو جوان زخموں کی تاب نہ لا کر دم توڑ گئے تھے۔
موصوف جی او سی نے ہسپتال پہنچ کر لوگوں، ہسپتال کے ڈاکٹروں اور دیگر اسٹاف کی زخمی فوجی جوانوں کو بچانے کی کاوشوں کی سراہتے ہوئے کہا کہ کچھ روز قبل شوپیاں میں ایک انکاؤنٹر ہوا تھا اور اس دوران ایک فوجی گاڑی حادثے کا شکار ہوئی تھی۔
انہوں نے کہا: ’میں آج یہاں شوپیاں کے لوگوں، اس ہسپتال کے ڈاکٹروں اور دیگر عملے کا شکریہ ادا کرنے کے لئے آیا ہوں‘۔
ان کا کہنا تھا: ’یہاں کے لوگوں نے ان زخمی جوانوں کو ہسپتال پہنچایا اور یہاں کے ڈاکٹروں اور دیگر عملے نے ان کی جانیں بچائیں‘۔
مسٹر پانڈے نے کہا کہ کسی کی جان لینا آسان ہے لیکن کسی کی جان بچانا بہت مشکل ہے۔
شری امرناتھ یاترا کے بارے میں پوچھے جانے پر ان کا کہنا تھا کہ اس یاترا کے لئے تمام تر حفاظتی انتظامات کئے گئے ہیں۔