سری نگر،22 اپریل :
شمالی کشمیر کے ضلع بارہمولہ کے مالوا علاقے میں سیکورٹی فورسز اور جنگجوؤں کے درمیان گذشتہ زائد از چوبیس گھنٹوں سے جاری تصادم میں جمعے کی صبح ایک اور جنگجو کی ہلاکت کے ساتھ اس تصادم میں مارے جانے والے جنگجوؤں کی تعداد چار ہوگئی جبکہ آپریشن ہنوز جاری ہے۔
ایک پولیس ترجمان نے جمعے کی صبح بتایا کہ مالوا انکاؤنٹر میں ایک اور جنگجو مارا گیا اور اس طر ح مہلوک جنگجوؤں کی تعداد چار ہوگئی۔ انہوں نے کہٰا کہ آپریشن ہنوز جاری ہے۔ اس تصادم آرائی کے دوران جمعرات کو ہی لشکر طیبہ کے اعلیٰ کمانڈر یوسف کانٹر سمیت تین جنگجو مارے گئے تھے۔
پولیس ریکارڈ کے مطابق مہلوک لشکر کمانڈر یوسف کانٹرو نے پہلے حزب میں بطور اعانت کار کے شمولیت اختیار کی ۔انہوں نے بتایا کہ سال 2005 میں یوسف کانٹرو کو حراست میں لیا گیا اور سال 2008 میں وہ جیل سے رہا ہوا۔
پولیس ترجمان کے مطابق سال 2017 میں مہلوک لشکر کمانڈر نے دوبارہ جنگجو تنظیم میں شمولیت اختیار کی جس کے بعد اُس نے کئی عام شہریوں، عوامی نمائندوں اور پولیس اہلکاروں کا قتل کیا۔
انہوں نے بتایا کہ مہلوک کمانڈر نے بعد میں حزب کو چھوڑ کر لشکر طیبہ کو جوائن کیا۔
پولیس ریکارڈ کے مطابق مہلوک ملی ٹینٹ سیکورٹی فورسز پر حملوں کی منصوبہ بندی کرنے اور اُنہیں پایہ تکمیل تک پہنچانے میں پیش پیش تھے جبکہ وہ پولیس اور عام شہریوں کو تشدد کا نشانہ بنانے کی کارروائیوں میں بھی ملوث رہے ہیں۔(یو این آئی)