سری نگر،25 اپریل :
وادی کشمیر کے بیشتر مقامات پر دوران شب ہلکی بارشوں کے بیچ محکمہ موسمیات نے موسم میں بتدریج بہتری واقع ہونے کی پیش گوئی کی ہے۔
متعلقہ محکمے کے ایک ترجمان کے مطابق وادی میں اگلے چوبیس گھنٹوں کے دوران مطلع ابر آلود رہنے کا امکان ہے تاہم اس دوران موسم میں بتدریج بہتری واقع ہوسکتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ وادی میں رواں مہینے کے اختتام تک بھاری بارشوں کا کوئی امکان نہیں ہے تاہم28 اپریل کو کہیں کہیں گرج چمک کے ساتھ ہلکی بارشیں متوقع ہیں۔
ادھر وادی میں ہلکی بارشوں کے باوجود شبانہ درجہ حرارت معمول سے زیادہ درج ہوا ہے۔
گرمائی دارلحکومت سری نگر جہاں دوران شب بوندا باندی ہوئی، میں کم سے کم درجہ حرارت 12.2 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جو معمول سے 3.3 ڈگری سینٹی گریڈ زیادہ ریکارڈ ہوا تھا۔
وادی کے مشہور زمانہ سیاحتی مقام گلمرگ میں دوران شب1.2 ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی، جبکہ کم سے کم درجہ حرارت 4.4 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جو معمول سے1.1 ڈگری سینٹی گریڈ زیادہ تھا۔
وادی کے دوسرے مشہور سیاحتی مقام پہلگام میں کم سے کم درجہ حرارت 5.4 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جو گذشتہ شب 1.0 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔
سرحدی ضلع کپوارہ میں دوران شب1.2 ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی جبکہ کم سے کم درجہ حرارت10.9 ڈگری سینٹی گرئڈ ریکارڈ کیا گیا جو معمول سے3.3 ڈگری سینٹی گریڈ کم تھا۔
گیٹ وے آف کشمیر کے نام سے مشہور قصبہ قاضی گنڈ میں کم سے کم درجہ حرارت9.6 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جو معمول سے 2.1 ڈگری سینٹی گریڈ زیادہ تھا۔
وادی میں پیر کو صبح سے ہی موسم خشک مگر ابر آلود رہا اور بادلوں اور آفتاب کے درمیان دن بھر سنگھرش جاری رہا۔
قابل ذکر ہے کہ ماہرین موسمیات کے مطابق جموں وکشمیر میں امسال ماہ مارچ میں بارش کی 80 فیصد کمی درج ہوئی ہے۔
گرمائی دارلحکومت سری نگر میں ماہ مارچ میں مجموعی طور پر 21.3 بارش ریکارڈ کی گئی جو معمول کےمطابق 117.6 ملی میٹر ریکارڈ ہونی چاہئے تھی۔
اسی طرح سرمائی دارلحکومت جموں میں ماہ مارچ میں مجموعی طور پر ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی جو معمول کے مطابق 68 ملی میٹر درج ہونی چاہئے تھی۔(یو این آئی)