سری نگر،26اپریل :
جموں وکشمیر پولیس نے ضلع کولگام میں حزب سے وابستہ تین ملی ٹینٹ اعانت کاروں کو گرفتار کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔
پولیس کے ایک ترجمان نے بتایا کہ 2 مارچ کے روز جنگجووں نے پنچ محمد یعقوب ڈار ولد غلام محمد ڈار ساکن کلپورہ کولگام پر فائرنگ کی جس کے نتیجے یں اُس کی موقع پر ہی موت واقع ہوئی۔
انہوں نے بتایا کہ پولیس نے اس ضمن میں ایف آئی آر زیر نمبر 27/2022 کے تحت کیس درج کرکے بڑے پیمانے پر تحقیقات شروع کی۔
ترجمان نے بتایا کہ تفتیش کے دوران پتہ چلا کہ حزب کا سرگرم جنگجو فاروق احمد بٹ ولد عبدالغنی بٹ ساکن چیک ڈسنڈ یاری پورہ کو پاکستان میں بیٹھے ہینڈلرز نے عوامی نمائندوں کو نشانہ بنانے کا کام سونپ دیا ہے۔
اُن کے مطابق پاکستانی ہینڈلرز کی ہدایت پر اُس نے یہ کام سرگرم جنگجو راجا ندیم راتھر ولد عبدالرحمن راتھر ساکن عش موجی کولگام کو دیا اور حملے کو انجام دینے کی خاطرمنطقی مدد فراہم کرنے کے لئے تین اعانت کاروں کو بھی منتخب کیا جن کی شناخت نصیر احمد وانی ولد بشیر احمد وانی ساکن سرندو ، عادل منظور راتھر ولد منظور احمد ساکن عش موجی اور ماجد محمد راتھر ولد مرحوم غلام محمد اتھر ساکن مالی پورہ میر بازار کے بطور ہوئی ہے۔
ترجمان کے مطابق سخت کوششوں کے بعد کولگام پولیس نے مذکورہ تین ملی ٹینٹ اعانت کاروں کو گرفتار کیا اور اُن کے قبضے سے دو گرینیڈ ، ایک پستول اور آٹھ پستول راونڈ بھی برآمد کرکے ضبط کئے۔
واضح رہے کہ مذکورہ ملی ٹینٹ ماڈیول نے ہی 11مارچ کو سرپنچ شبیر احمد میر ولد محمد عبدا ﷲ میر ساکن آڈورہ کولگام کا قتل کیا تھا۔
موصوف ترجمان نے بتایا کہ اس ضمن میں تحقیقات کا دائرہ مزید وسیع کیا گیا ہے اور عوامی نمائندوں کے قتل میں ملوث سرگرم جنگجووں کو بہت جلد کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا۔(یو این آئی)