سری نگر،28اپریل:
جنوبی ضلع پلوامہ کے متری گام علاقے میں رات بھر جاری رہنے والی جھڑپ میں دو مقامی جنگجو مارے گئے۔آئی جی کشمیر کے مطابق مہلوک جنگجو غیر مقامی مزدوروں پر ہوئے حملوں میں براہ راست ملوث تھے۔
پولیس کے ایک ترجمان نے بتایا کہ جنوبی کشمیر کے متری گام پلوامہ میں ملی ٹینٹوں کے چھپے ہونے کی ایک خاص اطلاع موصول ہونے کے بعد پولیس اور سیکورٹی فورسز نے بدھ کی شام کو اس علاقے کو محاصرے میں لے کر اُنہیں دھونڈ نکالنے کے لئے گھر گھر تلاشی کارروائی کا آغاز کیا۔
انہوں نے بتایا کہ خود کو سلامتی عملے کے گھیرے میں اپ کر ملی ٹینٹوں نے سیکورٹی فورسز پر اندھا دھند گولیاں برسا کر فرار ہونے کی بھر پور سعی کی تاہم حفاظتی عملے کی کارگر حکمت عملی نے انہیں فرار ہونے کا کوئی موقع فراہم نہیں کیا اور اس طرح سے طرفین کے مابین جھڑپ شروع ہوئی۔
موصوف ترجمان کے مطابق سیکورٹی فورسز نے پیشہ وارانہ صلاحیتوں کو بروئے کا ر لا کر آس پاس رہائشی پذیر لوگوں کو محفوظ مقامات کی اور منتقل کرنے کے بعد جوابی کارروائی شروع کی۔
انہوں نے بتایا کہ رات بھر جاری رہنے والی اس جھڑپ میں البدر مجاہدین سے وابستہ دو مقامی جنگجو ہلاک ہوئے۔
اُن کے مطابق جائے تصادم کی جگہ اسلحہ وگولہ بارود اور قابل اعتراض مواد برآمد کرکے ضبط کیا گیا ہے۔
انہوں نے کہاکہ مہلوک جنگجو سیکورٹی فورسز پر حملوں کی منصوبہ بندی کرنے اور انہیں پایہ تکمیل تک پہنچانے میں ملوث رہے ہیں جبکہ وہ عام شہریوں کو تشدد کا نشانہ بنانے کی کارروائیوں میں بھی پیش پیش تھے۔
دریں اثنا انسپکٹر جنرل آف پولیس کشمیر رینج وجے کمار نے بتایا کہ متری گام پلوامہ تصادم میں دو مقامی جنگجو مارے گئے ۔
انہوں نے بتایا کہ مارے گئے ملی ٹینٹوں کی شناخت اعجاز حافظ اور شاہد ایوب کے بطور ہوئی ہے اور اُن کے قبضے سے دو اے کے رائفلیں بھی ضبط کی گئی ۔
آئی جی نے بتایا کہ پچھلے دو ماہ سے جنوبی کشمیر میں غیر مقامی مزدوروں پر ہوئے حملوں میں دونوں براہ راست ملوث تھے۔
علاوہ ازیں پولیس نے عوام سے پر زور اپیل کی ہے کہ وہ جائے تصادم پر جانے سے تب تک گریز کیا کریں جب تک کہ اس سے پوری طرح سے صاف قرار نہ دیا جائے کیونکہ پولیس اور دیگر سلامتی ادارے لوگوں کے جان و مال کی محافظ ہے لہذا لوگوں کی قیمتی جانوں کو بچانے کے لئے پولیس ہر ممکن کوشش کرتی ہے۔ (یو این آئی)