سری نگر،08 مئی
جموں وکشمیر پولیس نے شمالی ضلع بانڈی پورہ میں حزب سے وابستہ 2’ہابئیرڈ ‘ ملی ٹینٹوں کو اسلحہ وگولہ بارود سمیت حراست میں لینے کا دعویٰ کیا ہے۔
پولیس کے ایک ترجمان نے بتایا کہ جنگجووں کی نقل وحرکت کی اطلاع موصول ہونے کے بعد ہفتے کے روز جموں وکشمیر پولیس، 13 آر آراور 3 بٹالین سی آر پی نے ولر ونٹیج آرگام کے نزدیک ناکہ لگایا جس دوران گاڑیوں اور اُن میں سوار مسافروں کی باریک بینی سے تلاشی لی گئی۔
انہوں نے بتایا کہ دو افراد جو کہ آلٹو گاڑی زیر نمبر JK13G-6139 میں سوار تھے نے جوں ہی ناکہ پارٹی کو دیکھا تو انہوں نے وہاں سے فرار ہونے کی کوشش کی تاہم مستعد اہلکاروں نے دونوں کو دھر دبوچ کر سلاخوں کے پیچھے دھکیل دیا۔
موصوف ترجمان نے گرفتار شدگان کی شناخت عابد علی ولدعلی محمد پرے اور فیصل حسن پرے ولد غلام حسن پرے ساکنان ہر پورہ اچھن پلوامہ کے بطور کی ہے۔
انہوں نے کہاکہ تلاشی کے دوران مذکورہ افراد کے قبضے سے ایک اے کے 47 رائفل، دو میگزین، 30 گولیوں کے راونڈ، ایک پستول ، ایک میگزین، چار پستول راونڈ اور دوسرا قابل اعتراض مواد برآمد کرکے ضبط کیا گیا۔
پولیس نے اس ضمن میں ایک کیس درج کرکے مزید تحقیقات شروع کی ہے۔(یو این آئی)