سری نگر،9 مئی :
پہاڑی ضلع شوپیاں کے پاندوشن گاوں میں سیکورٹی فورسز اور جنگجووں کے مابین جاری جھڑپ کے بیچ 2عام شہری گولیاں لگنے سے زخمی ہوئے جنہیں علاج ومعالجہ کی خاطر نزدیکی ہسپتال منتقل کیا گیا۔
پولیس کے ایک ترجمان نے بتایا کہ سیکورٹی فورسز نے پیر کی شام کو مصدقہ اطلاع موصول ہونے کے بعد شوپیاں کے پاندوشن گاوں کو محاصرے میں لے کر جنگجو مخالف آپریشن شروع کیا۔
انہوں نے بتایا ابتدائی تلاشی آپریشن کے دوران گاوں میں محصور جنگجووں نے راہ فرار اختیار کرنے کی خاطر عام شہریوں پر فائرنگ کی جس کے نتیجے میں دو افراد زخمی ہوئے جنہیں علاج ومعالجہ کی خاطر نزدیکی ہسپتال منتقل کیا گیا۔
موصوف ترجمان نے بتایا کہ دونوں زخمیوں کو بعد میں ہیلی کاپٹر کے ذریعے بادامی باغ فوجی ہسپتال ریفر کیا گیا۔
انہوں نے کہاکہ کارڈ اینڈ سرچ آپریشن کا دائرہ وسیع کیا گیا اور فرار ہونے کے سبھی راستوں پر حفاظتی عملے کی تعیناتی عمل میں لائی گئی ہے۔
دریں اثنا ہیف شرمال زینہ پورہ شوپیاں میں پیر کی صبح سیکورٹی فورسز اور جنگجووں کے مابین گولیوں کا تبادلہ ہوا جس کے بعد سیکورٹی فورسز نے آس پاس علاقوں کو محاصرے میں لے کر دن بھر گاوں کی تلاشی لی تاہم اس دوران جنگجووں کا کئی پر اتہ پتہ نہیں چل سکا۔
ذرائع نے بتایا کہ پیر شام دیر گئے سیکورٹی فورسز نے ہیف شرمال زینہ پورہ گاوں میں تلاشی آپریشن کو ختم کیا ۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ابتدائی گولیوں کے تبادلے کے بعد ہیف شرمال شوپیاں میں جنگجو سیکورٹی فورسز کو چکمہ دے کر فرار ہونے میں کامیاب ہوئے ہیں۔(یو این آئی)