دفاعی ذرائع نے بتایا کہ پچھلے ایک ماہ کے دوران سیکورٹی فورسز کے ساتھ تصادم آرائیوں کے دوران کئی غیر ملکی ملی ٹینٹ کمانڈر مارے گئے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ امر ناتھ یاترا کے پیش نظر جنوبی کشمیر میں سیکورٹی کے غیر معمولی انتظامات کئے گئے ہیں۔
دفاعی ذرائع کا کہنا ہے کہ جنوبی ، شمالی اور وسطی کشمیر میں سرگرم جنگجووں اور اُن کے اعانت کاروں کے خلاف کامیاب آپریشنز جاری ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ پچھلے ایک ہفتے کے دوران سیکورٹی فورسز اور پولیس نے ایک درجن سے زائد بالائی ورکروں کو اسلحہ وگولہ بارود سمیت دھر دبوچ کر سلاخوں کے پیچھے دھکیل دیا۔
اُن کے مطابق گرفتار جنگجو اعانت کاروں سے پوچھ تاچھ کے دوران کئی اہم انکشافات ہوئے ہیں جس کے پیش نظر پوری وادی میں سیکورٹی کو الرٹ پر رکھا گیا ہے۔
دفاعی ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ اہم شاہراہوں پر ناکوں کا جال بچھایا گیا ہے تاکہ ملک دشمن عناصر کے منصوبوں کو ناکام بنایا جاسکے۔
انہوں نے کہاکہ جنوبی کشمیر میں پچھلے ایک ہفتے کے دوران جنگجو مخالف آپریشنز کے دوران سیکورٹی فورسز کو اہم کامیابیاں ملی ہیں ۔
اُن کے مطابق جنگجو اعانت کاروں کی گرفتاری سے ملی ٹینٹوں کے منصوبوں کو ناکام بنایا گیا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ کامیاب آپریشنز کے باعث ملی ٹینٹ تنظیموں میں حوصلہ شکنی پائی جارہی ہیں۔
دفاعی ذرائع کے مطابق جنوبی ، شمالی اور وسطی کشمیر میں ہیومن انٹیلی جنس کو مزید مضبوط بنانے کے ساتھ ساتھ مختلف سیکورٹی ایجنسیوں کے درمیان قریبی تال میل کو بھی مزید مستحکم کیا جارہا ہے ۔
انہوں نے کہاکہ وادی کشمیر کے لوگ سیکورٹی ایجنسیوں کو اپنا بھر پور تعاون فراہم کر رہے ہیں جس وجہ سے ملی ٹینٹوں کے خلاف چلائے جارہے آپریشنز بھی کامیابی سے ہمکنار ہو رہے ہیں۔
بتادیں کہ جموں وکشمیر میں اپریل کے مہینے میں سیکورٹی فورسز اور جنگجووں کے مابین 14تصادم آرائیاں ہوئیں جس دوران 23 ملی ٹینٹ مارے گئے جبکہ فرائض کی انجام دہی کے دوران دو اہلکار بھی از جان ہوئے ہیں۔
یو این آئی
سری نگر،11 مئی:
جنوبی ،شمالی اور وسطی کشمیر میں سرگرم جنگجووں اور اُن کے معاونین کے خلاف چلائے جارہے آپریشن کامیابی سے ہمکنار ہو رہے ہیں۔