سری نگر،12 مئی :
وادی کشمیر میں پچھلے ڈیڑھ ماہ کے دوران ملی ٹینٹوں کے حملے میں دو کشمیری پنڈت ہلاک جبکہ ایک زخمی ہوا ہے ۔اعداد وشمار کے مطابق 4 اپریل کو جنوبی ضلع کولگام میں مشتبہ جنگجووں نے کشمیری پنڈت بال کرشن بٹ پر فائرنگ کی جس وجہ سے وہ شدید طورپر زخمی ہوا۔
اپریل 13کو کاکرن کولگام میں ملی ٹینٹوں نے کشمیری راجپوٹ ستیش کمار سنگھ پر نزدیک سے گولیاں چلائیں جس وجہ سے اُس کی موقع پر ہی موت واقع ہوئی جبکہ 12مئی کو تحصیل آفس چاڈورہ میں تعینات کشمیری پنڈت ملازم راہول پر جنگجووں نے فائرنگ کی جس وجہ سے اُس کی ہسپتال میں موت واقع ہوئی ۔
ذرائع کے مطابق چاڈورہ میں کشمیری پنڈت ملازم کی ہلاکت کے بعد ضلع بھر میں سیکورٹی کے غیرمعمولی انتظامات کئے گئے ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ اقلیتی فرقے سے تعلق رکھنے والے کنبوں کو سیکورٹی فراہم کرنے کی خاطر بھی زمینی سطح پر اقدامات اُٹھائے جا رہے ہیں۔
معلوم ہوا ہے کہ ضلع بھر میں ناکوں کا جال بچھایا گیا ہے جبکہ مشکوک افراد پر سی سی ٹی وی کیمروں کے ذریعے نظر گزر رکھی جارہی ہیں۔
دریں اثنا چاڈورہ حملے کے متعلق پولیس ترجمان نے بتایا کہ ابتدائی تحقیقات کے دوران معلوم ہوا ہے کہ دو پستول بردار ملی ٹینٹ جمعرات کی سہ پہر کو چاڈورہ تحصیل آفس میں گھس آئے اور وہاں پر تعینات کشمیری پنڈت ملازم راہول بھٹ پر نزدیک سے گولیاں چلائیں۔
انہوں نے بتایا کہ حملے میں راہول کو شدید چوٹیں آئیں جس وجہ وہ بعد میں ہسپتال میں دم توڑ گیا۔(یو این آئی)
