سری نگر،14 مئی :
شمالی کشمیر کے رفیع آباد سوپور علاقے میں سیکورٹی فورسز نے لشکر طیبہ سے وابستہ ایک سرگرم جنگجو کو اسلحہ وگولہ بارود سمیت گرفتار کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔
پولیس ذرائع کے مطابق مصدقہ اطلاع موصول ہونے کے بعد 32 آر آر، جموں وکشمیر پولیس اور 92 بٹالین سی آر پی ایف نے 13اور 14مئی کی درمیانی رات کو روہامہ رفیع آباد میں جنگجو مخالف آپریشن شروع کیا اور اس دوران ایک سرگرم جنگجو کودھر دبوچ کر سلاحوں کے پیچھے دھکیل دیا گیا۔
انہوں نے بتایا کہ ابتدائی پوچھ تاچھ کے دوران گرفتار جنگجو کی شناخت رضوان شفیع لون ولد محمد شفیع لون ساکن شوگپورہ ماگام ہندواڑہ کے بطور ہوئی ہے۔
اُن کے مطابق جامہ تلاشی کے دوران جنگجو کے قبضے سے ایک پستول ، ایک میگزین اور پانچ گولیوں کے راونڈ برآمد کرکے ضبط کئے گئے۔
پولیس ذرائع نے مزید بتایا کہ لشکر جنگجو کی گرفتاری سے شمالی کشمیر میں ملی ٹینٹوں کے ایک بڑے منصوبے کو ناکام بنایا گیا ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ پاکستانی ہینڈلرز نے سرگرم ملی ٹینٹ کو شمالی کشمیر میں سیکورٹی فورسز اور وی آئی پیز کو ٹارگیٹ کرنے کام سونپا تھا۔
انہوں نے بتایا کہ مذکورہ جنگجو کو سال 2017 اور 2018 میں بھی پتھر بازی اور ملی ٹینسی کیس کے سلسلے میں گرفتار کیا گیا تھا۔
پولیس ذرائع کے مطابق اس سلسلے میں کیس درج کرکے مزید تحقیقات شروع کی گئی ہے۔(یو این آئی)