سری نگر،14 مئی:
جنوبی کشمیر کے قاضی گنڈ علاقے میں مختصر علالت کے بعد انتقال کرنے والی ایک معمر پنڈت خاتون کی آخری رسومات ہمسایہ مسلمانوں نے انجام دیں۔تفصیلات کے مطابق قاضی گنڈ کے وائی کے پورہ علاقے میں ہفتے کی صبح ایک معمر پنڈت خاتون مختصر علالت کے بعد انتقال کر گئیں۔
مذکورہ خاتون کے انتقال کی خبر پھیلتے ہی گاؤں کے لوگ مرد و زن ان کے گھر کی طرف روانہ ہونے لگے اور جہاں خواتین ایک طرف لواحقین کی ڈھارس بندھانے میں لگ گئیں وہیں مرد مرحومہ کے آخری رسومات انجام دینے کے انتظامات میں جٹ گئے۔
اس موقع پر ایک مقامی شخص نے میڈیا کو بتایا کہ یہاں چند پنڈت گھر ابھی بھی رہائش پذیر ہیں جو نوے کی دہائی میں یہاں سے نہیں چلے گئے۔انہوں نے کہا کہ جب ہم نے آج صبح سنا کہ مذکورہ خاتون انتقال کر گئیں تو ہم یہاں جمع ہوگئے اور اس کے آخری رسومات انجام دینے کے انتظامات کرنے میں جٹ گئے۔
ان کا کہنا تھا کہ یہ ہماری صدیاں پرانی روایت ہے جس کو ہم برقرار رکھے ہوئے ہیں۔غلام محی الدین نامی ایک مقامی نے بتایا کہ ہم اس کے ہمسایہ ہیں اور آج جس خاتون نے انتقال کیا ہے وہ ہماری ماں جیسی ہے۔
ایک مقامی خاتون نے کہا کہ ہم نے جوں ہی سنا کی اس خاتون نے انتقال کیا ہے تو ہم یہاں پہنچ گئے۔انہوں نے کہا کہ ہم اسی طرح رہنا چاہتے ہیں جس طرح پہلے رہا کرتے تھے۔ان کا کہنا تھا کہ یہاں جو پنڈت گھرانے ہیں یہ لوگ ہمارے دکھ سکھ میں شریک ہوتے ہیں اور ہم ان کی خوشی اور غم میں شامل ہوتے ہیں۔