جموں،18 مئی :
شمالی ضلع بارہ مولہ کے دیوان باغ علاقے میں گرینیڈ حملے میں از جان ہوئے شہری کے لواحقین نے راجوری پونچھ شاہراہ پر دھرنا دیا۔ضلع انتظامیہ اور پولیس کے سینئر عہدیدار جائے موقع پر پہنچے اور لواحقین کو یقین دلایا کہ گھر کے ایک فرد کو سرکاری نوکری کے ساتھ ساتھ چار لاکھ روپیہ بطور ایکس گریشا فراہم کیا جائے گا۔
یو این آئی اردو کے نامہ نگار نے بتایا کہ ضلع بارہ مولہ کے دیوان باغ علاقے میں گرینیڈ حملے میں از جان ہوئے رنجیت سنگھ ساکن باکرا راجوری کے رشتہ داروں نے بدھ کے روز راجوری پونچھ شاہراہ پر دھرنا دیا جس کے نتیجے میں اس شاہراہ پر گاڑیوں کی آمدورفت معطل ہو کر رہ گئی۔
مظاہرین مطالبہ کر رہے تھے کہ مہلوک شخص کے گھر والوں کو 25لاکھ روپیہ اور گھر کے ایک فرد کو سرکاری نوکری فراہم کی جائے۔
انہوں نے بتایا کہ رنجیت سنگھ گھر کا واحد کفیل تھا اور اُس نے اپنے پیچھے بیوہ ، چار بیٹیوں اور ایک کمسن لڑکے کو چھوڑا ہے لہذا اُس کے اہل خانہ کو بھر پور مالی مدد کی ضرورت ہے۔
ذرائع نے بتایا کہ ضلع انتظامیہ اور پولیس کے سینئر آفیسران جائے موقع پر پہنچے اور مظاہرین کو یقین دلایا کہ گھر کے ایک فرد کو سرکاری نوکری کے ساتھ ساتھ چار لاکھ دئے جائیں گے۔
معلوم ہوا ہے کہ پولیس کے آفیسران نے موقع پر ہی لواحقین کو ایک لاکھ روپیہ کی چیک فراہم کی ۔
بتادیں کہ بارہ مولہ کے دیوان باغ علاقے میں منگل کی شام کو شراب کی دکان کے اندر ایک گرینیڈ داغا گیا جس کے نتیجے میں دکان میں موجود چار ملازمین زخمی ہوئے جن میں سے بعد میں ایک کی ہسپتال میں موت واقع ہوئی ۔(یو این آئی)