سری نگر،18 مئی :
کشمیری پنڈت ملازمین کی جانب سے مسلسل احتجاج کے بیچ جموں وکشمیر انتظامیہ نے ایک نئی پالیسی ترتیب دی ہے جس کے تحت کشمیری پنڈت ملازم جوڑے کو ایک ہی جگہ پر تعینات کیا جائے گا ۔
معلوم ہوا ہے کہ کشمیری پنڈتوں کو مختلف اضلاع میں محفوظ رہائشی سہولیات فراہم کرنے کا بھی فیصلہ لیا گیا ہے۔
ذرائع نے بتایا کہ ایک سے دو ہفتے کے اندرا ندر نئی پالیسی کو سرکار کی جانب سے منظر عام پر لایا جارہا ہے۔
چاڈورہ میں کشمیری پنڈت ملازم راہول بھٹ کی ہلاکت کے بعد پنڈت ملازمین مسلسل احتجاج پر بیٹھے ہوئے ہیں اور وہ سرکار سے مطالبہ کر رہے ہیں کہ اُن کی جائز مانگوں کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے۔
ذرائع نے بتایا کہ جموں وکشمیر انتظامیہ نے کشمیری پنڈت ملازمین کے لئے نئی پالیسی ترتیب دی ہے جس کے تحت کشمیری پنڈت جوڑے کی پوسٹنگ ایک ہی جگہ پر ہوگی ، یعنی جو ملازم سری نگر میں تعینات ہیں اُس کی اہلیہ کو بھی سری نگر میں ہی تعینات کیا جائے گا ۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ کشمیری پنڈت ملازمین نے سرکار کو تجویز دی ہے کہ اُنہیں محفوظ رہائشی سہولیات فراہم کی جائیں اس پر بھی کام شروع کیا گیا ہے۔
ذرائع نے بتایا کہ کشمیری پنڈت ملازمین کو محفوظ رہائشی سہولیات فراہم کرنے کے حوالے سے بھی ایک لائحہ عمل ترتیب دیا گیا ہے ۔
معلوم ہوا ہے کہ جموں وکشمیر انتظامیہ کشمیری پنڈت ملازمین کی جانب سے اپنائی جانے والی نئی حکمت عملی کا اعلان ایک سے دو ہفتے میں کرئے گی ۔
ذرائع نے یہ بھی بتایا کہ مختلف اضلاع کے ضلع ترقیاتی کمشنروں نے پچھلے کئی روز سے احتجاجی کشمیری پنڈت ملازمین کے ساتھ ملاقات کی جس دوران اُنہیں درپیش مسائل کے بارے میں جانکاری فراہم کی گئی۔
ذرائع کے مطابق ضلع ترقیاتی کمشنروں نے اس حوالے سے ڈویژنل کمشنر کشمیر کو آگاہی فراہم کی اور توقع کی جارہی ہیں کہ کشمیری پنڈتوں کے سبھی مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کا سرکار نے فیصلہ لیا ہے۔
دریں اثنا نئی دہلی میں بھی منگل کے روز ایل جی منوج سنہا اور وزیر داخلہ کے درمیان اس حوالے سے ایک میٹنگ منعقد ہوئی جس دوران کشمیری پنڈتوں کو معقول سیکورٹی فراہم کرنے اور اُنہیں محفوظ جگہوں پر ہی تعینات کرنے کا فیصلہ لیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق وزیر داخلہ امیت شاہ نے جموں وکشمیر انتظامیہ کو ہدایت دی ہے کہ وادی میں تعینات کشمیری پنڈت ملازمین کو محفوظ مقامات پر ہی تعینات کیا جائے اور اُن کی سیکورٹی کی طرف خصوصی توجہ دینے کی ضرورت ہے تاکہ شر پسند عناصر کے منصوبوں کو ناکام بنایا جاسکے۔(یو این آئی)