سری نگر،20 مئی :
جموں وکشمیرکے گرمائی دارلخلافہ سری نگر کے ریذیڈنسی روڑ پر واقع کوٹھی باغ پولیس اسٹیشن شبانہ آگ کی واردات کے دوران خاکستر ہوا ہے جبکہ آگ بجھانے کی کارروائی کے دوران فائر اینڈ ایمرجنسی محکمہ کا ایک اہلکار بھی زخمی ہوا ہے۔
بتادیں کہ 18مئی کو سری نگر میں ہی ٹریفک پولیس ہیڈ کواٹر کی عمارت بھی آگ کی ایک پُر اسرار واردات کے دوران خاکستر ہوئی.
یو این آئی اردو کے نامہ نگار نے بتایا کہ ریذیڈنسی روڑ سری نگر میں جمعرات اور جمعے کی درمیانی شب کوٹھی باغ پولیس تھانے کی عمارت سے آگ نمودا رہوئی جس نے آناً فاناً پوری عمارت کو لپیٹ میں لے لیا۔
فائر اینڈ ایمرجنسی کے اہلکار فوری طورپر جائے موقع پر پہنچے اور آگ بجھانے کی کارروائی شروع کی تاہم بھیانک آتشزدگی کے باعث اُنہیں کافی دقتوں کا سامنا کرناپڑا ۔
نامہ نگار نے بتایا کہ 12فائر ٹینڈروں کی مدد سے بالآخر آگ پر قابو پایا گیا تاہم آتشزدگی کی اس واردات کے دوران پولیس اسٹیشن کی اوپری منزل پوری طرح سے خاکستر ہوئی جبکہ پہلی منزل کو بھی جزوی نقصان پہنچا ہے۔
آگ بجھانے کی کارروائی کے دوران محکمہ فائر اینڈ ایمرجنسی کا ایک اہلکار جس کی شناخت انصار احمد کے بطور ہوئی ہے زخمی ہوا اور اُس کو علاج ومعالجہ کی خاطر نزدیکی ہسپتال منتقل کیا گیا۔
ذرائع نے بتایا کہ پولیس تھانے میں موجودہ اسلحہ کو بروقت باہر نکالا گیا تاہم کچھ ریکارڈ خاکستر ہوا ہے ۔
ایس ایس پی سری نگر راکیش بلوال اور دوسرے سینئر آفیسران جائے موقع پر پہنچے اور صورتحال کا جائزہ لیا۔
پولیس نے آگ لگنے کی وجوہات جاننے کی خاطر کیس درج کرکے مزید تحقیقات شروع کی ہے۔
واضح رہے کہ 18مئی کو سری نگر میں ہی ٹریفک پولیس ہیڈ کواٹر کی عمارت بھی شبانہ آگ کی واردات کے دوران خاکستر ہوئی ۔