ٹوکیو، 24 مئی :
ہندوستان نے امریکہ کے ساتھ اپنی شراکت داری اور دوستی کو عالمی امن و استحکام اور انسانیت کی بہبود کے لیے “اچھائی کی طاقت” قرار دیا ہے۔
وزیر اعظم نریندر مودی نے آج یہاں امریکی صدر جوزف آر بائیڈن کے ساتھ دو طرفہ ملاقات میں اس خیال کا اظہار کیا۔ امریکہ، آسٹریلیا، ہندوستان اور جاپان کے چار فریقی اتحاد کواڈ کی چوتھی چوٹی کانفرنس میں شرکت کے لیے یہاں آئے مودی نے کواڈ سمٹ کے بعد مسٹر بائیڈن سے الگ سے ملاقات کی۔ ہندوستانی وفد میں وزیر خارجہ ایس جے شنکر، قومی سلامتی کے مشیر اجیت ڈوول، خارجہ سکریٹری ونے موہن کواترا اور دیگر حکام شامل تھے۔ جب کہ امریکی وفد میں سیکریٹری آف اسٹیٹ انٹونی جے بلنکن، قومی سلامتی کے مشیر جیک سلیوان شامل تھے۔
اس میٹنگ میں دونوں رہنماؤں نے ہندوستان-امریکہ دوستی اور اسٹریٹجک شراکت داری کا جائزہ لیا اور اسے مزید جامع اور گہرا بنانے کے طریقوں پر تبادلہ خیال کیا۔ دونوں رہنماؤں نے ہندوستانی بحرالکاہل کے علاقے اور عالمی سطح پر ہونے والی تازہ ترین پیش رفت پر بھی تبادلہ خیال کیا۔ امریکہ نے روس یوکرین جنگ کے بارے میں ہندوستان کو اپنے تحفظات سے بھی آگاہ کیا۔ میٹنگ میں اپنے ابتدائی کلمات میں مسٹر مودی نے مسٹر بائیڈن سے ملاقات پر اپنی خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ آپ سے مل کر ہمیشہ بہت خوشی ہوتی ہے۔ آج ہم نے ایک اور مثبت اور نتیجہ خیز کواڈ سمٹ میں بھی ایک ساتھ شرکت کی۔ انہوں نے ہندوستان-امریکہ اسٹریٹجک پارٹنرشپ کو حقیقی معنوں میں اعتماد اور بھروسے کی شراکت قرار دیا اور کہا کہ ہماری مشترکہ اقدار اور سیکورٹی سمیت کئی شعبوں میں ہمارے مشترکہ مفادات نے اعتماد اور بھروسے کے اس بندھن کو مضبوط کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے عوام سے عوام کے رابطے اور قریبی اقتصادی تعلقات بھی ہماری شراکت کو منفرد بناتے ہیں۔
مسٹر بائیڈن نے کہا کہ کانفرنس میں شرکت کرنے والے رہنما دنیا کے اس تبدیلی کے وقت میں جمع ہو رہے ہیں – ہم ایک تبدیلی کے دور سے گزر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہم نے یوکرین پر روس کے وحشیانہ اور غیر معقول حملے کے نتائج اور پورے عالمی نظام پر پڑنے والے اثرات کے بارے میں بھی بات کی ہے۔ امریکہ اور ہندستان ان منفی اثرات کو کم کرنے کے اقدامات پر مل کر کام کرتے رہیں گے۔(یو این آئی)