سری نگر،25 مئی :
شمالی کشمیر کے ضلع بارہمولہ کے کریری علاقے میں بدھ کو سیکورٹی فورسز اور جنگجوؤں کے درمیان تصادم میں تین پاکستانی جنگجو اور ایک پولیس اہلکار ہلاک ہوگئے۔
کشمیر زون پولیس نے انسپکٹر جنرل وجے کمار کے حوالے سے ایک ٹویٹ میں کہا: ’بارہمولہ انکاؤنٹر اپ ڈیٹ: اس چانس انکاؤنٹر میں تین پاکستانی دہشت گرد ہلاک جبکہ جموں وکشمیر پولیس کا ایک اہلکار بھی شہید ہوگیا‘۔
انہوں نے کہا کہ جائے تصادم آرائی سے قابل اعتراض مواد کے علاوہ اسلحہ و گولہ بارود بھی بر آمد کیا گیا۔
قبل ازیں ذرائع نے بتایا کہ پولیس، فوج اور سی آر پی ایف کی ایک مشترکہ ٹیم نے بدھ کی صبح بارہمولہ کے کریری علاقے کو محاصرے میں لے کر تلاشی آپریشن شروع کر دیا۔
انہوں نے کہا کہ جوں ہی تلاشی آپریشن کی ایک ٹیم مشتبہ مقام کے نزدیک پہنچی تو وہاں چھپے جنگجوؤں نے اس پر فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں طرفین کے درمیان تصادم چھڑ گیا۔
بتایا جاتا ہے کہ محاصرے میں دو سے تین جنگجو پھنسے ہوئے ہیں۔(یو این آئی)