سری نگر31 مئی:
جنوبی کشمیر کے ضلع کولگام کے گوپال پورہ علاقے کے ایک ہائی اسکول میں منگل کی صبح نامعلوم بندوق برداروں نے جموں کے سانبہ ضلع سے تعلق رکھنے والی ایک خاتون ٹیچر کو گولی مار کر ہلاک کر دیا۔
ایک پولیس ترجمان نے ٹویٹس کے ذریعے تفصیلات فراہم کرتے ہوئے کہا کہ کولگام کے ہائی اسکول گوپال پورہ میں جنگجوؤں نے ایک ہندو خاتون ٹیچر پر گولیاں چلائیں جس کے نتیجے میں وہ شدید زخمی ہوگئی۔انہوں نے کہا کہ خاتون ٹیچر کو فوری طور ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں وہ زخموں کی تاب نہ لاکر دم توڑ گئی۔
ٹویٹ میں کہا گیا گیا مقتولہ کا تعلق جموں کے سانبہ ضلع سے تھا۔
موصوف ترجمان نے کہا کہ واقعے کے بعد علاقے کو محاصرے میں لیا گیا اور حملہ آوروں کی تلاش شروع کر دی گئی۔
انہوں نے کہا: ’اس بہیمانہ ٹیرر جرم میں ملوث دہشت گردوں کو شناخت کرکے بہت جلد کیفر کر دار تک پہنچایا جائے گا‘۔