سرینگر ،31 مئی:
جنوبی ضلع کولگام کے گوپال پورہ گاوں میں ہندو ٹیچر کی ہلاکت کے بعد سیکورٹی فورسز نے بڑے پیمانے پر جنگجو مخالف آپریشن شروع کیا ۔
یو این آئی اردو کے نامہ نگار نے بتایا کہ گوپال پورہ اوراُس کے ملحقہ علاقوں کے ساتھ ساتھ سیب کے کئی باغات کو سیکورٹی فورسز نے محاصرے میں لے کر تلاشی مہم شروع کی ہے۔انہوں نے بتایا کہ فوج ، پولیس ، سی آر پی ایف کی اضافی کمک نے ایک وسیع العریض علاقے میں پہرے بٹھا کر لوگوں کے چلنے پھرنے پر پابندی عائد کی ۔نامہ نگار نے مزید بتایا کہ حملہ آوروں کی شناخت کے لئے آس پاس علاقوں میں نصب سی سی ٹی وی فوٹیج کو بھی کھنگالا جارہا ہے۔
ذرائع نے بتایا کہ ہائی اسکول میں تعینات عملے اور طلبا سے بھی سیکورٹی فورسز نے پوچھ تاچھ کی ۔ذرائع نے مزید بتایا کہ حملہ آوروں کو تلاش کرنے کی خاطر ہیومن انٹیلی جنس اور ٹیکنیکی صلاحیتوں کو بھی بروئے کار لایا جارہا ہے۔انہوں نے کہاکہ کھوجی کتوں کی مدد سے آس پاس علاقوں اور سیب کے باغات کی تلاشی لی جارہی ہیں ۔
دریں اثنا معلوم ہوا ہے کہ جنوبی کشمیر میں تعینات کشمیری پنڈت ملازمین کی سیکورٹی بڑھائی گئی ہے۔ذرائع کے مطابق ملازمین کی سیکورٹی کویقینی بنانے کی خاطر ہنگامی بنیادوں پر اقدامات اُٹھائے گئے ہیں.یواین آئی