جموں، یکم جون :
جموں و کشمیر اپنی پارٹی کے جنرل سکریٹری اور جموں سے تعلق رکھنے والی ممتاز و با اثر شخصیت وکرم ملہوترا بدھ کو پارٹی سے مستعفی ہوگئے۔
ان کا ماننا ہے کہ اپنی پارٹی کی قیادت کے پاس مستقبل کے لئے کوئی مربوط روڈ میپ ہے نہ کوئی پالیسی ہے۔
موصوف لیڈر نے پارٹی صدر سید محمد الطاف بخاری کے نام اپنے استعفیٰ نامے میں کہا: ’میں مانتا ہوں کہ اپنی پارٹی ایسے وعدے پیش ہی نہیں کرتی ہے جنہیں کسی وقت پورا کیا جاسکے‘۔
انہوں نے کہا: ’ہم نے گذشتہ زائد از دو برسوں کے دوران دوسری سیاسی جماعتوں کی خامیوں کو شمار کرکے لوگوں کو یہ باور کرنے کی کوشش کی کہ ہماری پارٹی ہی مستقبل کی سیاسی جماعت ہے‘۔
ان کا کہنا تھا کہ مجھے یہ کہتے ہوئے دکھ ہو رہا ہے کہ ہم میں سے اکثر لیڈر اب اس سے اکتا گئے ہیں۔
مسٹر ملہوترا نے کہا کہ اپنی پارٹی کے پاس کوئی مربوط اور قابل عمل پروگرام اور پالیسی نہیں ہے۔
مستقبل کے منصوبوں کے بارے پوچھے جانے پر انہوں نے یو این آئی کو بتایا: ’میرے پاس کچھ آپشنز ہیں تاہم میں نے ابھی کوئی حتمی فیصلہ نہیں لیا ہے‘۔
بتادیں کہ ورکم مہلوترا جموں میں اپنی پارٹی کے ایک ممتاز اور بااثر لیڈر تھے۔وہ سابق لیجسلیٹیو چیئرمین اور ممتاز کانگریس لیڈر امرت ملہوترا کے بیٹے ہیں۔(یو این آئی)