نئی دہلی، 21 جون :
بھوٹان میں ہندوستان کی سفیر روچیرا کمبوج کو نیویارک میں اقوام متحدہ میں ہندوستان کی اگلی سفیر اور مستقل نمائندہ مقرر کیا گیا ہے۔ وہ جلد چارج سنبھال لیں گی۔
وزارت خارجہ نے منگل کے روز ایک بیان میں یہ اطلاع دی۔ روچیرا کمبوج کو فروری 2019 میں بھوٹان میں ہندوستان کی سفیر کے طور پر مقرر کیا گیا تھا۔ اس سے پہلے وہ جولائی 2017 سے مارچ 2019 تک جنوبی افریقہ میں ہندوستان کی ہائی کمشنر تھیں۔ ان کی اس مدت کار میں 29-30 اپریل 2018 کو جوہانسبرگ میں پہلی ہندوستان-جنوبی افریقہ بزنس سمٹ منعقد ہوئی تھی۔ روچیرا یونیسکو، پیرس میں ہندوستان کی سفیر اور مستقل نمائندہ تھیں۔
روچیرا کمبوج 2011-2014 تک ہندوستان کی چیف پروٹوکول آفیسر رہی ہیں۔ وہ اب تک حکومت میں اس عہدے پر فائز ہونے والی پہلی اور واحد خاتون تھیں۔ اس حیثیت میں انہوں نے صدرجمہوریہ، نائب صدر، وزیر اعظم اور وزیر خارجہ کے تمام دوروں کی نگرانی کی۔
مئی 2014 میں، انہیں وزارت خارجہ نے وزیر اعظم نریندر مودی کی تقریب حلف برداری کاڈائریکشن دینے کے لیے خصوصی تفویض پر بلایا تھا۔ اس میں سارک ممالک اور ماریشس کے سربراہان مملکت و حکومت نے شرکت کی تھی۔ اگست اور اکتوبر 2015 میں انھیں پیرس سے نئی دہلی میں تیسری انڈیا افریقہ فورم سمٹ کے انعقاد میں مدد کے لیے خصوصی تفویض پر واپس بلایا گیا۔ اس دوران 54 رکنی افریقی یونین کے سربراہان مملکت و حکومت نے شرکت کی۔
روچیرا کمبوج نے 1987 میں انڈین فارین سروس میں شمولیت اختیار کی۔ وہ 1987 سول سروسز بیچ کی آل انڈیا ویمن ٹاپر اور 1987 فارین سروس بیچ کی ٹاپر تھیں۔ روچیرا کمبوج نے بزنس مین دیواکر کمبوج سے شادی کی ہے اور ان کی ایک بیٹی ہے۔
