جموں،25 جون :
عسکریت پسندوں کی جانب سے پبلک ٹرانسپورٹ کو نشانہ بنانے کے لیے سٹکی بموں کے استعمال پر خصوصی توجہ دینے ہوئے ، پولیس نے جموں اور کشتواڑ کے رہائشیوں کو مشورہ دیا ہے کہ وہ اپنی گاڑیوں کو آن کرنے سے پہلے اچھی طرح چیک کریں۔ پاکستان سے بھیجے گئے ایک شمالی کوریائی ڈرون کو سات مقناطیسی یا چسپاں بموں اور اتنی ہی تعداد میں انڈر بیرل لانچر گرینیڈز کے پے لوڈ کے ساتھ جموں و کشمیر پولیس نے 31 مئی کو بین الاقوامی سرحد کے قریب تلی ہریہ چک علاقے میں مار گرایا تھا۔
سینئر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس جموں، چندن کوہلی نے کہا، ہم لوگوں کو مشورہ دیتے ہیں کہ وہ اپنی گاڑیوں کو اسٹارٹ کرنے سے پہلے اچھی طرح چیک کریں۔ انہوں نے کہا کہ مسافر گاڑیوں کے ڈرائیور اور کنڈ کٹر بھی اپنی گاڑیوں کو اسٹارٹ کرنے سے پہلے اچھی طرح چیک کریں۔ انہوں نے کہا کہ سرحد پار سے چپکنے والے بموں کی اسمگلنگ کے پیش نظر بہت خطرہ پیدا ہو گیا ہے۔
موجودہ سیکورٹی صورتحال کے پیش نظر ایس ایس پی کشتواڑ شفقت حسین بٹ نے بھی ضلع کے بس اسٹینڈ کا دورہ کیا اور کمرشل گاڑیوں کے ڈرائیوروں سے بات چیت کی۔ ایس ایس پی نے ڈرائیوروں کو مشورہ دیا کہ وہ مسافروں کے سوار ہونے سے پہلے اور بعد میں اپنی گاڑیوں کی بار بار چیکنگ سمیت تمام احتیاطی تدابیر اختیار کریں تاکہ تخریب کاری کے ذریعے دہشت گرد اپنے مذموم عزائم کو انجام دینے میں کامیاب نہ ہو سکیں۔ انہوں نے کہا کہ کسی بھی مشکوک سرگرمی کی اطلاع فوری طور پر پولیس یا افسران کو دی جائے تاکہ فوری کارروائی کی جا سکے۔ ایس ایس پی نے انہیں چوکس رہنے کو کہا تاکہ منشیات فروش منشیات کی نقل و حمل میں کامیاب نہ ہوں۔ سینئر افسر نے انہیں چپکنے والے بموں کے بارے میں بتایا، جو کہ گاڑیوں میں بم نصب کرنے کا ایک آسان طریقہ ہے ۔