سری نگر،25 جون :
ڈائریکٹر ہیلتھ سروسز کشمیر ڈاکٹر مشتاق احمد راتھر کا کہنا ہے کہ سالانہ شری امرناتھ جی یاترا کے دوران یاتریوں کی سہولیت و خدمت کے لئے امسال 70 صحت مراکز کے علاوہ ایک سو ایمبولنسز کو دستیاب رکھا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ یاترا کے علاقے میں آنے والے ہسپتالوں میں ایمرجنسی ریسپانس سسٹم قائم کئے گئے ہیں اور ان ہسپتالوں کو تمام تر سہولیات سے لیس کیا گیا ہے۔موصوف ڈائریکٹر نے ان باتوں کا اظہار ہفتے کے روز یہاں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کے دوران کیا۔انہوں نے کہا کہ جواہر ٹنل سے پوتر گھپا تک دونوں روٹس چندن واری اور باتل پر 70 ہیلتھ سہولیات مراکز کو قائم کیا گیا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ ان صحت مراکز میں چھ بیس ہسپتال ، میڈیکل کئیر سینٹر، ایمرجنسی ایڈ سینٹر اور 26 آکسیجن بوتھ شامل ہیں۔
ڈاکٹر مشتاق احمد نے کہا کہ اس کے علاوہ زائد از ایک سو ایمبولنسز کو بھی دستیاب رکھا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ یاترا کے علاقے کے تمام ہسپتالوں میں ایمرجنسی ریساپنس سسٹم قائم کئے گئے ہیں اور ان ہسپتالوں کو تمام تر سہولیات سے لیس کر دیا گیا ہے اور یہ ہسپتال دن رات کھلے رہیں گے۔ان کا کہنا تھا کہ ان ہسپتالوں میں بھر پور عملے کو تعینات کیا گیا ہے۔موصوف ڈائریکٹر نے کہا کہ چندن واری اور بال تل پر 70 بستروں والے دو ہسپتال قائم کئے گئے ہیں اور راستے میں ہر دو کلو میٹر کے فاصلے پر میڈیکل سہولیات دستیاب رکھی گئی ہیں۔انہوں نے کہا کہ اس کے علاوہ حرکت پذیر آکسیجن بوتھ اور حرکت پذیر ایمر جنسی سسٹم سہولیات بھی دستیاب رکھی گئی ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ دونوں طرف آئی سی یو بسترے اور آکسیجن کو دستیاب رکھا گیا ہے اور اس کے علاوہ کم سے کم 15سو افراد پر مشتمل عملے کو تعینات کیا گیا ہے جو تین شفٹوں میں کام کریں گے۔
ڈاکٹر مشتاق احمد نے کہا کہ یاتریوں کے لئے ہر جگہ آسولیشن سہولیات بھی بہم رکھی گئی ہیں۔انہوں نے یاتریوں سے گرم کپڑے ساتھ رکھنے کی اپیل کی ہے۔یاد رہے کہ 43 دنوں پر محیط سالانہ امرناتھ جی یاترا دو برسوں کے وقفے کے بعد ماہ رواں کی تیس تاریخ سے شروع ہونے والی ہے۔
