سری نگر ،27جون:
جنوبی ضلع کولگام کے نوپورہ کھیرپورہ تربجی میں جنگجووں اور سیکورٹی فورسز کے مابین گولیوں کا تبادلہ ہوا ہے۔پولیس ذرائع نے بتایا کہ سیکورٹی فورسز نے مصدقہ اطلاع موصول ہونے کے بعدکولگام کے نوپورہ کھیرپورہ تربجی علاقےکو محاصرے میں لے کر جنگجو مخالف آپریشن شروع کیا۔
انہوں نے بتایا کہ جونہی سیکورٹی فورسز کے اہلکاروں نے مشتبہ مقام کی اورپیش قدمی شروع کی تو وہاں پر موجود جنگجووں نے حفاظتی عملے پر اندھا دھند فائرنگ شروع کی۔اْن کے مطابق سیکورٹی فورسز نے بھی پوزیشن سنبھال کر جوابی کارروائی کا آغاز کیا جس دوران دو طرفہ گولیوں کا تبادلہ شروع ہوا۔
معلوم ہوا ہے کہ سیکورٹی فورسز نے ایک وسیع علاقے کو محاصرے میں لے کر فرار ہونے کے سبھی راستوں پر پہرے بٹھا دئے ہیں۔
آخری اطلاعات موصول ہونے تک سیکورٹی فورسز اور جنگجووں کے مابین گولیوں کا تبادلہ جاری تھا۔
